دنیا
Time 04 اکتوبر ، 2020

ٹرمپ نے کورونا وائرس کو سنجیدگی سے نہیں لیا، امریکیوں کی اکثریت کی رائے

 ہر چار میں سے تین امریکی سمجھتے ہیں کہ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے کورونا سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کیں،فوٹو:فائل

ایک سروے کے مطابق ہر چار میں سے تین امریکی سمجھتے ہیں کہ کورونا کا شکار امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے مہلک وائرس سے متعلق احتیاطی تدابیر اختیار نہیں کیں۔

امریکا میں ایک سروے میں ٹرمپ کے کورونا میں مبتلا ہونے سے متعلق سوال کیے گئے جس کے جواب میں 72 فیصد امریکیوں کی رائے تھی کہ ٹرمپ نے کورونا کی وبا کو سنجیدگی سے نہیں لیا اور نہ ہی وائرس کے خلاف کوئی احتیاطی تدابیر اختیار کیں۔

 سروے میں کورونا سے متعلق ٹرمپ کے رویے پر 95 فیصد ڈیموکریٹس جب کہ ان کی اپنی پارٹی ری پبلیکنز  کے43 فیصد افراد  نے منفی رائے دی۔

خیال رہے کہ 2 روز قبل  ڈونلڈ ٹرمپ اور ان کی اہلیہ میں کورونا کی تشخیص ہوئی تھی جس کے بعد انہوں نےخود کو وائٹ ہاؤس میں ہی قرنطینہ کر لیا تھا تاہم سانس لینے میں دشواری پر امریکی صدر کو ملٹری اسپتال منتقل کیا گیا تھا۔

ٹرمپ کی طبیعت سے متعلق وائٹ ہاؤس میڈیکل ٹیم  نے اپنی تازہ بریفنگ میں کہا ہے کہ صدر ٹرمپ کی طبیعت میں مسلسل بہتری آرہی ہے، انہیں دو بار خون میں آکسیجن کی کمی کا مسئلہ ہوا ہے جس کے بعد انہیں اضافی آکسیجن تجویز کی گئی تھی۔

 میڈیکل ٹیم کے مطابق صدر ٹرمپ کو جمعے کی صبح سے اب تک بخار نہیں ہوا ہے، انہیں ریمڈیسیور کی دوسری خوراک دے دی گئی ہے، ان کا جگر اور گردے کا نظام بالکل ٹھیک کام کر رہا ہے۔

 ڈاکٹروں کا کہنا تھا کہ  صدر ٹرمپ کی طبیعت بہتر ہے اور پیر کی صبح تک ٹرمپ اسپتال سے واپس وائٹ ہاؤس منتقل ہو سکتے ہیں۔

مزید خبریں :