14 اکتوبر ، 2020
کراچی میں آوارہ کتوں کی بہتات نے شہریوں خاص طور پر چھوٹے بچوں کی زندگیوں کو خطرے میں ڈال دیا ہے۔
سندھ کے مختلف شہروں میں کتے کے کاٹنے کے واقعات میں اضافہ ہورہا ہے اور سال 2019 میں صوبے میں سگ گزیدگی سے ہونے والی ہلاکتوں کی تعداد 20 تک پہنچ گئی تھی۔
آوارہ کتوں کے حملے کا تازہ واقعہ کراچی کے علاقے ملیر میں پیش آیا ہے جہاں ایک کمسن بچے پر تین کتوں نے حملہ کیا۔
ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ویران گلی میں بچہ بھاگتا ہوا اپنی ماں سے آگے نکل جاتا ہے اور پھر تین آوارہ کتے اچانک اس پر حملہ کردیتے ہیں۔
ماں یہ منظر دیکھ کر بھاگتی ہوئی اپنے بچے کو بچانے کیلئے آتی ہے جس کے بعد کتے بھاگ نکلتے ہیں۔ ماں کے بروقت ردعمل نے معصوم بچے کی جان بچالی تاہم گزشتہ دنوں رحیم یار خان میں کتوں کے حملے میں جاں بحق ہونے والے بچے اتنے خوش قسمت نہ تھے۔
رحیم یارخان میں گزشتہ دنوں آوارہ کتوں کے کاٹنے سے دو بہن بھائی کے جاں بحق ہونے کا افسوسناک واقعہ پیش آیا ہے۔
پولیس کے مطابق آوارہ کتوں نے 5 سالہ شاہنواز اور 3 سالہ اربیلی پر حملہ کیا، کتوں کے کاٹنے سے بچے شدید زخمی ہوگئِے اور زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے جاں بحق ہوگئے۔