ترک شاعر کا مسئلہ کشمیر اور فلسطین کو اجاگر کرتا گانا ریلیز

فائل:فوٹو

فلسطین و مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتا اور روحانی آزادی کی خواہش لیا ترکی کے نامور شاعر و موسیقار تگرے ایورین کا تحریر کردہ گانا فلسطینی نژاد پاکستانی گلوکارہ کی آواز میں ریلیز کردیا گیا۔

فلسطین اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتا گانا ’ہم کبھی دھوکا نہیں دیں گے‘ کے عنوان سے گزشتہ ہفتے ریلیز کیا گیا ہے۔

گانے کو شام کے گلوکار ملک نور اور پاکستانی گلوکارہ نتاشہ بیگ نے بالترتیب عربی اور اردو میں گایا ہے جب کہ گانے کے الفاظ ترکی کے نامور شاعر و موسیقار ،تگرے ایورین کے تحریر کردہ ہیں ۔

  گانے کے تحریر کار تگرے ایورین کا کہنا ہے کہ دنیا تک مظلوموں کی آواز پہنچانے میں موسیقی کا اہم کردار ہے۔

تگرے ایورین کے مطابق چلڈرن آف ہیون کے نام سے وہ شام کے مہاجر بچوں کی مشکلات اجاگر کرنے سے متعلق پیشہ ورانہ موسیقی میں دلچسپی رکھتے ہیں۔

انہوں نے مزید کہا کہ چلڈرن آف ہیون کو ترک صدر طیب اردگان پہلی مرتبہ 23 اپریل کو (قومی خودمختاری اور بچوں کے دن) بچوں کے ساتھ شیئر کر چکے ہیں۔

واضح رہے کہ تگرے ایورین نے 2013 سے موسیقی کا سفر شروع کیا  تھا جب کہ شاعر و موسیقار اب تک ترکی، مصر، یونان، امریکا، بلغاریہ، تیونس اور بنگلا دیش میں انگریزی کلاسوں کے لیے ریپ سونگ تحریر کرچکے ہیں۔

گانے کی تحریر پر صدر عارف علوی نے بھی ترک شاعر کو سراہا

صدر پاکستان عارف علوی کی جانب سے بھی ترکی کے نامور شاعر و موسیقار کے فلسطین اور مسئلہ کشمیر کو اجاگر کرتے گانے کو سراہا گیا ہے۔

عارف علوی نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹوئٹر پرتگرے ایورین کے گانے کی ویڈیو شیئر کرتے ہوئے لکھا کہ ’کشمیر' اور 'فلسطین' پر نئے گانے کے لیے @TugayEvren1 آپ کا شکریہ۔ یہ غاصبانہ قبضے اور وحشیانہ ظلم و ستم کا شکار غیور لوگوں کی کہانی ہے، دنیا کب تک ان کو نظرانداز کرتی رہے گی؟

اس پر ترک شاعر تگرے ایورین صدر عارف علوی کا شکریہ بھی ادا کیا۔

مزید خبریں :