Geo News
Geo News

Time 27 جون ، 2025
انٹرٹینمنٹ

اپنی موت کی پیشگوئی کرنے والا انفلوئنسر انتقال کرگیا

اپنی موت کی پیشگوئی کرنے والا انفلوئنسر انتقال کرگیا
سوشل میڈیا انفلوئنسر نے 2020 میں 25 برس کی عمر میں کولوریکٹل کینسر (بڑی آنت کا کینسر) کی تشخیص کے بعد اپنی روزمرہ زندگی کو دستاویزی صورت میں ریکارڈ کرنا شروع کیا تھا—فوٹو: اسکرین گریب

آج سے 5 سال قبل اپنی موت کی پیشگوئی کرنے والا امریکی سوشل میڈیا انفلوئنسر ٹینر مارٹن چل بسا۔

غیر ملکی میڈیا رپورٹس کے مطابق ٹینر مارٹن کا تعلق ریاست یوٹاہ سے ہے، انہوں نے 2020 میں 25 برس کی عمر میں کولوریکٹل کینسر (بڑی آنت کا کینسر) کی تشخیص کے بعد اپنی روزمرہ زندگی کو دستاویزی صورت میں ریکارڈ کرنا شروع کیا تھا۔

اُس وقت یعنی 2020 میں انہوں نے اعلان کیا تھا کہ 5 برس بعد جب میں 30 برس کا ہوں گا تو میری موت ہو جائے گی اور حیران کن طور پر ایسا ہی ہوا۔

غیر ملکی خبر ایجنسی کے مطابق ٹینر مارٹن نومبر 2020 میں بڑی آنت کے کینسر میں مبتلا ہوئے تھے، انہیں اسٹیج 4 کا کینسر لاحق تھا، 5 سال تک بیماری سے لڑنے کے بعد وہ چل بسے۔

ان کی موت کے بعد ان کی اہلیہ نے ایک ویڈیو ٹینر مارٹن کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر شیئر کی جس میں سوشل میڈیا انفلوئنسر کو یہ کہتے ہوئے سنا جاسکتا ہے کہ ’اگر آپ یہ ویڈیو دیکھ رہے ہیں تو اس کا مطلب یہ ہے کہ میں مرچکا ہوں'۔

ویڈیو میں ٹینر کہہ رہے ہیں کہ 'میری زندگی بہت مشکل تھی، میں نے اپنی موت کا اعلان کرنے کے لیے اس ویڈیو کو ریکارڈ کرنے کا فیصلہ کیا کیونکہ میں نے کچھ عرصہ قبل کسی کو ایسا کرتے دیکھا تھا‘۔

ویڈیو میں انہوں نے مزید کہا کہ 'مجھے لگتا ہے کہ یہ تمام خیالات کو سامنے لانے کا ایک اچھا موقع ہے، زندگی بہت شاندار چیز ہے، میں نے واقعی اس کا بہت لطف اُٹھایا ہے، آپ بھی اسے بھرپور انداز میں گزاریں، مجھے زندہ دل لوگوں سے مل کر خوشی ہوتی ہے جو زندگی کو بھرپور انداز میں جیتے ہیں اور مجھے یقین ہے اس جہاں کے بعد بھی کچھ ہے'۔

مزید خبریں :