دنیا
11 فروری ، 2012

دنیا کا اقوام متحدہ پر اعتماد متزلزل ہوگیا،سعودی فرمانروا

دنیا کا اقوام متحدہ پر اعتماد متزلزل ہوگیا،سعودی فرمانروا

ریاض … سعودی عرب کے فرمانروا شاہ عبداللہکا کہنا کہ سلامتی کونسل میں شام میں خونریزی روکنے سے متعلق قرارداد کی عدم منظوری پر دنیا کا اقوام متحدہ پر اعتماد متزلزل ہوگیا ہے۔ شاہ عبداللہ گذشتہ ہفتے اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں روس اور چین کی جانب سے شام میں خونریزی روکنے سے متعلق قرارداد کی مخالفت کا حوالہ دے رہے تھے۔ سعودی عرب کے سرکاری ٹی وی پر جمعہ کوشاہ عبداللہ کے نشر ہونے والے بیان میں کہا گیا ہے کہ ہم سب اقوام متحدہ پر فخر کرتے رہے ہیں۔وہ ہمیں متحد کرتی رہی ہے اور اس نے ہمیں ماضی میں تقسیم نہیں کیا لیکن اب جو کچھ ہوا ہے ،اس سے بلاشبہ اقوام متحدہ پر دنیا کا اعتماد مجروح ہوا ہے، ہم ایک تلخ دور سے گزر رہے ہیں لیکن بدقسمتی سے جو کچھ اقوام متحدہ میں ہواہے ،وہ یقینی طور پر قابل افسوس ہے۔ روس اور چین کے ویٹو کے بعد اب امریکا اور عرب لیگ شام میں پْرامن انتقال اقتدار کے لیے دوسری تجاویز پرغور کر رہے ہیں۔عرب لیگ کی جانب سے اس سے پہلے پیش کیے گئے منصوبہ میں شامی صدر بشارالاسد سے کہا گیا تھا کہ وہ ملک میں جاری تشدد کے خاتمے کے لیے اقتدار نائب صدر کے حوالے کرکے الگ ہو جائیں۔

مزید خبریں :