18 ستمبر ، 2012
لندن…متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کراچی کے تمام دکانداروں،مارکیٹ انجمنوں سمیت تمام شہریوں سے پرذوراپیل کی ہے کہ وہ دہشت گردی کے خطرات کے پیش نظراپنے اپنے بازاروں، مارکیٹوں اورعلاقوں میں ہنگامی بنیادوں پر چوکیداری سسٹم نافذ کریں۔انہوں نے یہ بات آج نائن زیروپررابطہ کمیٹی سے گفتگوکرتے ہوئے کہی۔ الطاف حسین نے حیدری مارکیٹ کے قریب بم دھماکوں کی شدیدمذمت کی اوران واقعات میں متعدد افرادکے جاں بحق اورزخمی ہونے پر دلی افسوس کااظہارکیا۔انہوں نے کہاکہ دہشت گردعناصرملک خصوصاًکراچی میں دہشت گردی کی بڑی کارروائیاں کرنا چاہتے ہیں،دہشت گردی کی روک تھام کیلئے جہاں حکومت کافرض ہے کہ وہ شہریوں کی جان ومال کے تحفظ کیلئے موٴثراقدامات کرے وہیں شہریوں کی بھی ذمہ داری ہے کہ وہ اس سلسلے میں بھرپورتعاون کریں۔ الطاف حسین نے کراچی کے تمام دکانداروں، مارکیٹ انجمنوں،بازاروں کی یونینوں سے اپیل کی کہ وہ اپنے اپنے بازاروں اورتجارتی مراکزمیں آج ہی سے سخت چوکیداری سسٹم کانفاذکریں،وہاں آنے والے مشکوک افرادپر نظررکھیں اوراگرکوئی فرد کسی بھی قسم کابیگ یاکوئی مشکوک چیزرکھے توفوری طورپراس کی اطلاع15، مقامی پولیس یاقانون نافذ کرنے والے اداروں کودیں تاکہ کسی بھی قسم کی تخریبی کارروائی کوبروقت ناکام بنایاجاسکے اورشہریوں کی جانوں کوبچایاجاسکے۔ الطاف حسین نے ایم کیوایم کے تمام سیکٹروں ،یونٹوں کے ذمہ داروں، کارکنوں اور عام شہریوں سے بھی اپیل کی کہ وہ اپنی مددآپ کے تحت دہشت گردی پرقابوپانے ،اپنے اپنے رہائشی علاقوں کے تحفظ اوروہاں کے مکینوں کی جانوں کوبچانے کیلئے فوری طورپر چوکیداری سسٹم رائج کریں، علاقوں کے نوجوانوں، بزرگوں،علماء کرام ،خواتین اورطلبہ پرمشتمل ویجیلنس کمیٹیاں تشکیل دیں اوراپنے علاقوں میں ا ٓنے جانے والے مشکوک افرادپر نظررکھیں۔ دریں اثناء الطاف حسین نے تافتان سے کوئٹہ جانے والی زائرین کی بس پر بم دھماکے اور فائرنگ کی شدید مذمت کی ہے اور اس واقعہ کو ملک میں فرقہ وارانہ فسادات کی گھناؤنی سازشوں کا تسلسل قرار دیکر اتحاد بین المسلمین کو نقصان پہچانے کی مذموم کوشش قرار دیا ہے ۔ اپنے ایک بیان میں الطاف حسین نے کہا کہ سفاک دہشت گرد مستقل معصوم اور بے گناہ افراد کی قیمتی جانوں سے کھیل کر ملک و قوم کی بقاء و سلامتی داؤ پر لگانے کے درپے ہیں ، ایسے دہشگردوں کو فوری طور پر گرفتار کرکے نشان عبرت بنادیاجائے تاکہ آئندہ ایسے واقعات رونما نہ ہوسکیں ۔ انہوں نے بم دھماکے کے نتیجے میں شہید ہونے والے افراد کے تمام سوگوار لواحقین سے دلی تعزیت و ہمدردی کااظہار کرتے ہوئے انہیں صبر کی تلقین کی اور زخمیوں کی جلد ومکمل صحت یابی کیلئے دعا بھی کی ۔ الطاف حسین نے صدر مملکت آصف علی زرداری ، وزیراعظم راجہ پرویز اشرف ، وفاقی وزیرداخلہ رحمان ملک ، گورنر بلوچستان ذو الفقار مگسی اور وزیر اعلیٰ بلوچستان نواب اسلم رئیسانی سے مطالبہ کیا ہے کہ بس میں بم دھماکے اور فائرنگ کے واقعہ کا فی الفور نوٹس لیاجائے اور ملوث سفاک دہشت گردوں کو گرفتار کرکے سخت سے سخت سزا دی جائے اور ایسے واقعات کی روک تھام کیلئے حکومتی وسائل اور ذرائع استعمال میں لاکر معصوم افراد کی جان و مال کا تحفظ یقینی بنایاجائے ۔