پاکستان
20 ستمبر ، 2012

کراچی حیدرآباد موٹر وے پر کام کا فوری آغاز کیا جائے،گورنر سندھ

 کراچی حیدرآباد موٹر وے پر کام کا فوری آغاز کیا جائے،گورنر سندھ

کراچی … منہاج الرب… وفاقی حکومت کی فنڈنگ سے شہر میں جاری میگا پراجیکٹس اور بلدیاتی اسکیموں کی پیش رفت کا جائزہ لینے اور ان پر کام کی رفتار کو تیز کرنے کے لئے گورنر سندھ ڈاکٹر عشرت العباد خان کی صدارت میں گورنر ہاؤس میں ایک خصوصی اجلاس ہوا۔ ان منصوبوں میں کراچی سرکلر ریلوے، لیاری ایکسپریس وے، کراچی حیدرآباد موٹروے (M-9) ، عظیم تر منصوبہ آب رسانی کے فور، نکاسی آب کے منصوبے ایس تھری کے علاوہ اسکیم 33 کے انفرا اسٹرکچر ڈیولپمنٹ اور دیگر منصوبے شامل ہیں۔ گورنر ڈاکٹر عشرت العبادخان نے کہا کہ صدر اور وزیر اعظم ان منصوبوں کی بروقت تکمیل چاہتے ہیں، اس ضمن میں وہ خصوصی اور ذاتی دلچسپی لے رہے ہیں کیونکہ یہ منصوبے صرف کراچی ہی نہیں بلکہ پورے پاکستان کی ترقی و خوشحالی کا سبب بنیں گے۔ انہوں نے کہا کہ اس مقصد کے لئے صدر اور وزیر اعظم نے خاص طور پر سینیٹر سیدہ صغریٰ امام کو فوکل پرسن مقرر کیا ہے۔ اجلاس میں سیدہ صغریٰ امام کے علاوہ وفاقی وزیر ڈاکٹر فاروق ستار ، صوبائی وزراء آغاسراج درانی، ڈاکٹر صغیر احمد، سید مراد علی شاہ، شرجیل انعام میمن، اراکین قومی اسمبلی، چیف سیکریٹری سندھ راجا محمد عباس، متعلقہ وفاقی و صوبائی حکام اور منصوبوں سے تعلق رکھنے والے اعلیٰ حکام نے شرکت کی۔ گورنر ڈاکٹر عشرت العبادخان نے زیر التواء لیاری ایکسپریس وے پر ایک ہفتے میں کام شروع کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے اس سلسلے میں حائل رکاوٹوں کو دور کرنے کے لئے متعلقہ اداروں کو فوری تعاون فراہم کرنے کی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ منصوبے میں تاخیر کی وجہ سے لاگت میں مسلسل اضافہ ہورہا ہے ، لہٰذا اسے جلد از جلد مکمل کیا جائے۔ گورنر نے ہدایت کی کہ کراچی حیدرآباد موٹر وے پر بھی کام کا فوری آغاز کیا جائے اور اس سلسلے میں صدر پاکستان کی ہدایت پر عمل کرتے ہوئے پیش رفت کی جائے تاکہ منصوبہ جلد از جلد عوام کے استعمال میں آسکے ۔ انہوں نے کراچی سرکلر ریلوے کے راستے میں باقی رہ جانے والی تجاوزات کو بھی ھنگامی بنیادوں پر ختم کیا جائے ۔ انہوں نے اس سلسلے میں کمشنر کراچی کو واضح ہدایات دیتے ہوئے کہا کہ روزانہ کی بنیاد پر اس سلسلے میں رپورٹ پیش کریں۔ انہوں نے ریلوے حکام کو ہدایت کی کہ وہ اس بارے میں JICA سے رابطے میں رہتے ہوئے فنڈز کے فوری اجراہ کی کوشش کریں تاکہ منصوبے کے مطابق کام ہوسکے ۔ گورنر نے فراہمی اور نکاسی آب کے عظیم تر منصوبوں کی اہمیت اجاگر کرتے ہوئے ان کے لئے مختص رقوم کے اجراء کو پروگرام کے مطابق یقینی رکھنے پر زور دیا۔ اس موقع پر اراکین اسمبلی نے صوبہ سندھ خصوصاً کراچی کے لئے پیش کردہ منصوبوں پر وفاقی محکموں کی جانب سے ان کی اہمیت کے تناسب سے توجہ دینے پر زور دیا ۔ انہوں نے کہا کہ صدر اور وزیر اعظم کی ہدایات پر اس ہی اسپرٹ سے عمل ہو تو یہ صرف کراچی ہی نہیں پورے ملک کے لئے فائدہ مند ہوگا۔

مزید خبریں :