08 فروری ، 2021
کراچی کے علاقے شاہ لطیف ٹاؤن میں کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) کے دہشتگردوں کے ساتھ مقابلے میں ایک ملزم ہلاک اور 5 کو گرفتار کر لیا گیا۔
انچارج سی ٹی ڈی راجا عمر خطاب نے بتایا کہ شاہ لطیف ٹاؤن میں ایک عمارت میں دہشتگرد موجود تھے، خفیہ اطلاع پر دہشتگردوں کے خلاف کارروائی کی گئی۔
انہوں نے بتایا کہ دہشتگردوں کے ساتھ فائرنگ کے تبادلے میں ایک ملزم ہلاک ہوا جبکہ 5 کو گرفتار کر لیا گیا۔
ان کا کہنا تھا کہ دہشتگردوں نے ایک رکشہ عمارت کے گیٹ کے سامنے کھڑا کر رکھا تھا جس کے خفیہ خانوں میں بارودی مواد نصب تھا اور دہشتگرد مکمل طور پر کارروائی کے لیے تیار تھے۔
راجا عمر خطاب کا کہنا تھا کہ نیکٹا کی جانب سے کچھ عرصہ قبل الرٹ جاری کیا گیا تھا، اور ہم کافی عرصے سے عمارت کی سرویلنس کر رہے تھے، پولیس مقابلے میں ہلاک اور گرفتار دہشتگردوں کی شناخت کا عمل اور مزید تحقیقات جاری ہیں۔
بم ڈسپوزل اسکواڈ کے مطابق دہشتگروں کے قبضے سے 4 خودکش جیکٹس، 15 دستی بم، 4 کلاشنکوف، سیکڑوں گولیاں اور دو راکٹ بھی برآمد ہوئے جن کی فرانزک جانچ کروائی جائے گی
حکام کا کہنا ہے کہ دہشتگردوں کے زیر استعمال عمارت کو کلیئر کر دیا گیا ہے جبکہ رکشے میں موجود دھماکہ خیز مواد کو ناکارہ بنا دیا گیا ہے، رکشے میں بال بیئرنگ اور نٹ بولٹس کو مختلف خانوں میں چھپایا گیا تھا۔