Time 10 فروری ، 2021
پاکستان

تنخواہوں میں اضافے کیلئے احتجاج، اسلام آباد کا ریڈ زون میدان جنگ بنا رہا

وفاقی دارالحکومت اسلام آباد  میں تنخواہوں میں اضافے کیلئے احتجاج کے دوران سرکاری ملازمین اور پولیس کے درمیان جھڑپیں ہوئیں جس کے باعث ریڈ زون میدان جنگ بن گیا۔  

احتجاجی سرکاری ملازمین نے سہ پہر میں ڈی چوک میں لگائے گئے کنٹینر عبور کرکے پارلیمنٹ ہاؤس کی جانب جانے کی کوشش کی تو پولیس نے شدید شیلنگ کی۔

اس دوران پولیس اور مظاہرین کے درمیان شدید جھڑپوں کا سلسلہ شروع ہوگیا اور یہ سلسلہ وقفے وقفے سے جاری رہا۔ 

— فوٹو: آن لائن

مظاہرین  ڈی چوک اور چائنہ چوک کے درمیان موجود رہے اور وقتاً فوقتاً پارلیمنٹ کی جانب بڑھنے کی کوشش کرتے رہے تاہم اب ملک بھر سے آئے سرکاری ملازمین نے ڈی چوک سمیت مختلف مقامات پر دھرنا دے دیا ہے۔

پولیس کے مطابق احتجاج کے دوران مظاہرین کے پتھراؤ سے 2 پولیس اہلکار زخمی ہوئے جنہیں طبی امداد کیلئے اسپتال منتقل کردیا گیا۔

— فوٹو: آن لائن

قبل ازیں  آج صبح ملازمین نے پارلیمنٹ ہاؤس کی طرف مارچ کرنے کی کوشش کی تو پولیس نے ملازمین پر دھاوا بول دیا۔

پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپوں کے باعث شاہراہ دستور پورا دن میدان جنگ بنی رہی  جبکہ پولیس کی شیلنگ سے متعدد ملازمین بے ہوش ہوگئے اور متعدد کو پولیس نے گرفتار بھی کیا ہے۔

خیال رہے کہ سرکاری ملازمین کی جانب سے تنخواہوں میں اضافے کیلئے احتجاج کیا جارہا ہے جبکہ ملازمین اور وزراء کے درمیان مذاکرات کے کئی دور ہوئے جو ناکام ہوگئے۔

— فوٹو: آن لائن

سرکاری ملازمین نے موٹروے بلاک کردی

سرکاری ملازمین نے موٹر وے چوک 26 نمبر چونگی پر ٹریفک بلاک کردی۔ دوسرے شہروں سے سرکاری ملازمین احتجاج کیلئے پارلیمنٹ ہاؤس آنا چاہتے تھے لیکن پولیس کی جانب سے سرکاری ملازمین کو روک دیا گیا جس پر مظاہرین نے چونگی نمبر26 پر ٹریفک بلاک کردی۔

چونگی نمبر 26 کے ساتھ شاہراہ سری نگر پر گاڑیوں کی لمبی لائن لگ گئی۔

مزید خبریں :