04 جون ، 2025
ٹک ٹاک کی جانب سے ایسے نئے ٹولز متعارف کرائے جا رہے ہیں جو صارفین کو ان کی فار یو فیڈ پر مزید کنٹرول فراہم کریں گے۔
کمپنی کی جانب سے جاری بیان کے مطابق یہ ٹولز ٹک ٹاک صارفین کو بااختیار بنانے کے عزم کا حصہ ہیں، جن کا مقصد لوگوں کو ان کے پسندیدہ موضوعات پر مبنی ویڈیوز کو مزید گہرائی سے دریافت کرنے، ناپسندیدہ مواد کو محدود کرنے اور اس بات کو بہتر طور پر سمجھنے میں مدد دینا ہے کہ ایپ میں ویڈیو سجیشنز یا سفارشات کا نظام کیسے کام کرتا ہے۔
ٹک ٹاک کی فار یو فیڈ لوگوں کو اس مواد، کمیونٹیز اور کرییٹرز کے ساتھ جوڑتی ہے جنہیں وہ پسند کرتے ہیں۔
پاکستان میں اس فیڈ نے نئی نسل کے کرییٹرز اور کاروباری افراد کو اپنے ناظرین میں اضافہ کرنے اور کیرئیر کو آگے بڑھانے میں مدد دی ہے۔
ٹک ٹاک مینج ٹاپکس کے نام سے ایک نیا فیچر متعارف کرا رہا ہے، جو صارفین کو یہ سہولت فراہم کرتا ہے کہ وہ اپنی فیڈ میں کریٹیو آرٹس، سیاحت، فطرت اور کھیلوں سمیت 10 سے زائد مقبول زمروں سے متعلق ویڈیوز کی موجودگی کی تعداد کو ایڈجسٹ کر سکیں۔
اگرچہ کسی موضوع سے متعلق مواد کو مکمل طور پر ہٹایا نہیں جائے گا، لیکن صارفین اپنی بدلتی دلچسپیوں کے مطابق ویڈیوز کی تعداد کو بہتر انداز میں کنٹرول کرسکیں گے اور ان موضوعات میں دلچسپی رکھنے والے کرییٹرز کو دریافت کر سکیں گے۔
ٹک ٹاک اسمارٹ کی ورڈ فلٹرز بھی متعارف کروا رہا ہے۔
یہ اے آئی پر مبنی ایک جدید ٹول ہے جو پہلے سے موجود کی ورڈ فلٹرز کو مزید مؤثر بناتا ہےاور جن کی مدد سے دنیا بھر میں 20 کروڑ سے زائد الفاظ کو بلاک کیا جا چکا ہے۔
یہ نیا فیچر خودکار طور پر مترادف الفاظ اور متعلقہ اصطلاحات کو بھی شامل کرتا ہے، جس سے صارفین کو زیادہ کنٹرول حاصل ہوتا ہے۔
آنے والے مہینوں میں ٹک ٹاک کی ورڈ فلٹرز کی حد کو 100 سے بڑھا کر 200 الفاظ کر دیا جائے گا اور بلک (bulk) ایڈیٹنگ جیسے فیچرز بھی متعارف کرائے جائیں گے، تاکہ صارفین اپنی ترجیحات کو مزید آسانی سے منظم کر سکیں۔
شفافیت کو مزید بہتر بنانے کے لیے ٹک ٹاک ایک تعلیمی رہنما بھی شائع کر رہا ہے جو فار یو فیڈ کو سمجھنے اور منظم کرنے کے لیے مختلف ٹولز اور مشوروں کو یکجا کرتا ہے۔
یہ ٹک ٹاک کی اس کوشش کا حصہ ہے جس کا مقصد صارفین کو یہ سمجھنے میں مدد دینا ہے کہ فار یو فیڈ کس طرح کام کرتی ہے۔
اس تعلیمی رہنما میں وہ فیچرز بھی شامل ہیں جو یہ واضح کرتے ہیں کہ کسی ویڈیو کو آپ کی فیڈ میں کیوں تجویز کیا گیا اور ساتھ ہی ایسی تعلیمی ویڈیوز بھی شامل ہیں جنہیں دنیا بھر میں 18 کروڑ سے زائد بار دیکھا جا چکا ہے۔
ٹک ٹاک کے ایک ترجمان نے بتایا کہ 'فار یو فیڈ ہی وہ چیز ہے جو ٹک ٹاک کو ایک منفرد جگہ بناتی ہے جہاں آپ اپنی پسندیدہ نئی دلچسپیاں تلاش کر سکتے ہیں یا ایک کامیاب کمیونٹی بنا سکتے ہیں، ہمیں خوشی ہے کہ ہم ایسے ٹولز اور وسائل میں اضافہ کر رہے ہیں جو لوگوں کو محفوظ ماحول میں اپنے پسندیدہ کانٹنٹ ، کرییٹرز اور مشاغل دریافت کرنے میں مدد فراہم کرتے ہیں'۔