Time 11 فروری ، 2021
پاکستان

حکومت اور سرکاری ملازمین کے درمیان مذاکرات کامیاب،گرفتار ملازمین کو رہاکردیا گیا

حکومتی ٹیم اور سرکاری وفاقی ملازمین کے درمیان مذاکرات کامیاب ہو گئے ہیں اور گزشتہ روز احتجاج کے دوران گرفتار ہونے والے ملازمین کو رہا کر دیا گیا ہے۔

سرکاری ملازمین کے رہنماؤں کے ساتھ مذاکرات کرنے والی حکومتی ٹیم کے رکن پرویز خٹک کا شیخ رشید اور علی محمد خان کے ہمراہ پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہنا تھا کہ معذرت خواہ ہیں جو بھی کل ہوا وہ نہیں ہونا چاہیے تھا۔

پرویز خٹک کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کو 20فیصد ایڈہاک ریلیف دیا جائے گا، جون میں بجٹ سے اپ گریڈیشن کا فیصلہ کیا ہے، ایڈہاک ریلیف بجٹ آنے سے پہلے ملتا رہے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ ٹائم اسکیل خیبرپختونخوا میں منظور ہو گیا ہے، باقی صوبے بھی کریں گے، ٹائم اسکیل کا ایک طریقہ کار بنایا جائے گا کہ کس کو ملنا چاہیے کس کو نہیں۔

انہوں نے کہا کہ گریڈ1 سے 19 گریڈ تک کے ملازمین کو ایڈ ہاک ریلیف ملے گا اور جب تک پے کمیشن کا فیصلہ نہیں آئے گا تب تک ایڈہاک ریلیف جاری رہےگا۔

علی محمد خان کا کہنا تھا کہ سرکاری ملازمین کا حق ہے کہ وہ اپنی تنخواہوں میں اضافے کا مطالبہ کریں، ایسا نہیں کہ کسی ایک کی تنخواہ زیادہ جبکہ دوسرے کی کم ہو، وزیراعظم عمران خان تفریق ختم کرنے آئے ہیں۔

وزیر داخلہ شیخ رشید نے تمام گرفتار ملازمین کو رہا کرنے کا ا علان کرتے ہوئے کہا کہ تنخواہوں میں اضافہ وفاقی اور سیکرٹریٹ ملازمین کے لیے ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ پولیس اور سیکیورٹی اہلکاروں کے لیے بھی اگلے بجٹ میں اضافہ ہو گا، گریڈ ون سے 19 گریڈ تک تمام باتیں باہمی اتفاق رائے سے طے ہو گئی ہیں۔

شیخ رشید کا کہنا تھا کہ وزیراعظم نے سرکاری ملازمین کے مسئلے کے لیے کمیٹی بنائی تھی، آج سرکاری ملازمین کی ہڑتال ختم ہو جائے گی اور سب گھروں کو واپس جائیں گے۔

بعدازاں گرفتار ہونے والے سرکاری ملازمین رہائی کے بعد ڈی چوک پہنچ گئے، اس موقع پر  رہنماؤں کی رہائی پر دیگرمظاہرین نے ڈھول کی تھاپ پر رقص کیا اور اپنی کامیابی کا جشن منایا۔

خیال رہے کہ گزشتہ روز اسلام آباد میں دن بھر پولیس اور مظاہرین کے درمیان جھڑپیں ہوتی رہیں، پولیس نے شیلنگ کی اور لاٹھیاں برسائیں، سڑکیں دھواں دھواں ہو گئیں، شیلنگ سے کئی افراد بے ہوش ہو گئے اور اس دوران مظاہرین پتھراؤ کرتے رہے۔

مشتعل مظاہرین نے وفاقی وزیر اطلاعات شبلی فراز کو بھی شاہراہ دستور پر روک لیا تھا۔

رات گئے اسلام آباد میں دھرنا دیے سرکاری ملازمین اور حکومتی کمیٹی کے درمیان تین گھنٹے جاری رہنے والے مذاکرات کامیاب ہوئے لیکن سرکاری ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کے نوٹیفکیشن اور گرفتار افراد کی رہائی تک دھرنا جاری رکھنے کا اعلان کیا۔

حکومتی وفد میں شامل وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید، وزیر دفاع پرویز خٹک اور وزیر مملکت علی محمد خان نے سرکاری ملازمین سے ملاقات کے بعد وزیراعظم کو صورت حال سے آگاہ کیا اور پھر وزیراعظم نے سرکاری ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کی منظوری دی جس کی سرکولیشن کے ذریعے وفاقی کابینہ سے منظوری لی گئی۔ 

مزید خبریں :