پاکستان

وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا معاملہ، وزیراعظم نے اجلاس بلا لیا

اسلام آباد: وزیراعظم عمران خان نے وفاقی ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کے معاملہ پر اجلاس طلب کر لیا ہے۔

وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں اجلاس آج دوپہر کو ہو گا جس میں وفاقی وزیر خزانہ حفیظ شیخ وزیراعظم کو ملازمین کی تنخواہوں کے ممکنہ اضافے پر بریفنگ دیں گے۔

اجلاس میں ملازمین سے مذاکرات کرنے والی کمیٹی کے ممبران بھی شریک ہوں گے۔

ذرائع کا بتانا ہے کہ اجلاس میں آئندہ مالی سال میں ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے پر فیصلے متوقع ہیں۔ ملازمین کی تنخواہوں میں اضافے کا معاملہ کابینہ ایجنڈے میں بھی شامل ہے۔

خیال رہے کہ چند روز قبل وفاقی ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کے لیے اسلام آباد میں احتجاجی دھرنا دیا تھا اور اس دوران ملازمین کی پولیس کے ساتھ چھڑپیں بھی ہوئی تھیں۔

بعد ازاں وزیر دفاع پرویز خٹک، وزیر داخلہ شیخ رشید اور وزیر مملکت برائے پارلیمانی امور علی محمد خان پر مشتمل حکومتی ٹیم نے سرکاری ملازمین کے رہنماؤں سے کامیاب مذاکرات کیے اور ملازمین نے تنخواہوں میں اضافے کی یقین رہانی کے بعد دھرنا ختم کر دیا تھا۔

مزید خبریں :