26 ستمبر ، 2012
کراچی …ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے صدر زرداری کی جانب سے طے شدہ معاملات پر عملدرآمد کرانے کی یقین دہانی کے بعد رابطہ کمیٹی کو الٹی میٹم واپس لینے کی ہدایت کردی۔ صدر آصف علی زرداری نے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین سے ٹیلی فونک گفتگو میں طے شدہ معاملات اور تمام مسائل افہام و تفہیم سے حل کرانے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ انہوں نے کہا ہے کہ ایم کیو ایم اور پیپلزپارٹی کے درمیان طے شدہ معاملات پر عملدرآمد نہ ہونے کا افسوس ہے۔ الطاف حسین نے صدر زرداری کی یقین دہانی کے بعد ایم کیو ایم رابطہ کمیٹی کو 3 روزہ الٹی میٹم واپس لینے کی ہدایت کردی ہے۔ متحدہ کے قائد نے اقوام متحدہ میں جرأتمندانہ تقریر پر صدر زرداری کو خراج تحسین بھی پیش کیا ہے۔