12 فروری ، 2012
کابل . . . . . افغان صدر حامد کرزئی کی امن کونسل کے رکن مولوی قلم الدین نے کہا ہے کہ طالبان ملک میں امن چاہتے ہیں۔ غیر ملکی خبر ایجنسی سے گفتگو کرتے ہوئے مولوی قلم الدین کا کہنا تھا کہ یہ بات درست نہیں کہ طالبان محض وقت گزار رہے ہیں اور وہ 2014ء میں غیر ملکی افواج کی واپسی تک سب کو مصروف رکھنا چاہتے ہیں تاکہ اس کے بعد افغان حکومت گرا کر اقتدارپر قبضہ کرلیں۔ مولوی قلم الدین نے کہا کہ طالبان میں اختلافات نہیں وہ ملا عمر کی قیادت پر متفق اور ان کے وفادار ہیں۔ افغان امور کی غیر ملکی ماہر اور تجزیہ نگار کیٹ کلارک کا کہنا تھا کہ اگر افغانستان میں آزادانہ اور منصفانہ انتخابات ہوئے تو طالبان بڑی تعداد میں ووٹ حاصل کرسکتے ہیں لیکن کئی لوگوں کا خیال ہے کہ غیر ملکی افواج کے جانے کے بعد ملک میں خانہ جنگی ہو سکتی ہے۔