پاکستان
Time 28 فروری ، 2021

بلاول کی فضل الرحمان سے ملاقات، سینیٹ انتخابات کی حکمت عملی پر تبادلہ خیال

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) و جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان سے پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ملاقات کی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں یوسف رضا گیلانی بھی موجود تھے۔ ملاقات میں سینیٹ الیکشن سے متعلق حکمت عملی پر تبادلہ خیال کیا گیا۔

 فوٹو: گیلانی ہاؤس

بعد ازاں میڈیا سے گفتگو میں بلاول کا کہنا تھاکہ پی ڈی ایم نے حکومت کو ہرمحاذ پر چیلنج کیا ہے، سینیٹ الیکشن سے یہ پیغام دینا چاہتے ہیں کہ حکومتی اراکین بھی حکومت کے ساتھ نہیں۔

انہوں نے کہا کہ سینیٹ انتخابات میں ہم نے سیکریٹ اوراوپن بیلٹ کیلئے تیاری کرلی ہے، پختونخوا میں جوفارمولہ طے ہوا ہے، متحد ہوکرحکومت کوچیلنج کریں گے۔

مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ پی ڈی ایم سینیٹ انتخابات کیلئے مکمل طورپر متحد ہے، سینیٹ الیکشن کے فوری بعد سربراہی اجلاس ہوں گے اور نئی حکمت عملی وضع کی جائے گی۔

دوسری جانب پیپلزپارٹی کی جانب سے جاری اعلامیے کے مطابق بلاول بھٹو زرداری نے مولانا فضل الرحمان کو دو مارچ کو ہونے والے عشائیے میں شرکت کی دعوت دی جو انہوں نئ قبول کرلی۔

مزید خبریں :