پاکستان
Time 28 فروری ، 2021

انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد 26 لاکھ سے تجاوز کرگئی

ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد میں 8 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے، ایف بی آر— فوٹو:فائل 

فیڈرل بورڈ آف ریونیو (ایف بی آر)  نے رواں مالی سال جولائی تا فروری ہدف سے زائد ریونیو حاصل کرلیا۔

ایف بی آر نے رواں مالی سال کے پہلے 8 ماہ میں حاصل کردہ محصولات کی تفصیلات جاری  کردیں جس کے مطابق جولائی تا فروری 2916 ارب روپےکا نیٹ ریونیو حاصل کیا جو کہ مقررہ ہدف 2898 ارب روپے سے زائد ہے۔

ایف بی آر کے مطابق مقررہ ہدف کے مقابلے میں106 فیصد اضافہ ہوا ہے،  پچھلے سال اس عرصے کے حاصل نیٹ ریونیو 2570 ارب روپے کے مقابلے میں 6 فیصد اضافہ حاصل ہوا۔

ایف بی آر کے مطابق فروری میں ریونیو نیٹ کولیکشن 343 ارب روپے رہا جبکہ مقرر کردہ ہدف 325 ارب روپے تھا۔

ایف بی آر نے بتایا کہ رواں مالی سال 8 ماہ میں گراس ریونیوپچھلے سال کے 2823 ارب روپے کے مقابلے میں3068ارب روپےرہا، رواں مالی سال کے پہلےآٹھ ماہ میں گراس ریونیو میں 9 فیصد اضافہ ہوا۔

ایف بی آر کے مطابق رواں مالی سال میں اب تک 152 ارب روپے کے ریفنڈز جاری کیے جا چکے ہیں جبکہ ریفنڈز پچھلے سال اس عرصہ میں79 ارب روپے تھے اور اس سال اب تک ریفنڈز کے اجراء میں 97 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ 28 فروری 2021 تک انکم ٹیکس گوشوارےداخل کرنے والوں کی تعداد26 لاکھ 23 ہزار ہوچکی ہے، پچھلے سال اس عرصہ تک انکم ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد 24 لاکھ 30 ہزار تھی۔

ایف بی آر کا کہنا ہے کہ ٹیکس گوشوارے داخل کرنے والوں کی تعداد میں 8 فیصد اضافہ حاصل ہوا ہے جبکہ ٹیکس گوشوارں کے ساتھ ادا شدہ ٹیکس 49.6 ارب روپے رہا جو پچھلے سال کے اس عرصے میں31 ارب روپے تھا۔

مزید خبریں :