27 ستمبر ، 2012
نیویارک … وزیر خارجہ حنا ربانی کھر نے کہا ہے کہ پاکستانی سرحدی علاقوں میں امریکی جاسوس طیاروں کے حملوں کے مقاصد کی حمایت کرتے ہیں مگر یہ طریقہ کار درست نہیں۔ نیویارک میں ایشیاء سوسائٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ کا کہنا تھا کہ امریکی جاسوس طیارے کے ذریعے حملوں کی حکمت عملی درست نہیں، جاسوس طیاروں سے امریکا دہشت گردوں کے خلاف جو کامیابیاں حاصل کررہا ہے اس سے انکار نہیں مگر دہشت گردوں کے خلاف کارروائیوں کیلئے ایسے اقدام ڈھونڈنا ہوں گے جو جائز اور قانونی ہوں۔ انہوں نے پاکستانی علاقوں میں یک طرفہ جاسوس طیاروں کے حملوں کو غیرقانونی قرار دیا۔ حنا ربانی کھر نے پاکستان میں سب سے زیادہ امریکی مخالف جذبات کی وجہ جاسوس طیاروں کے حملوں کو ٹھہرایا۔ وزیر خارجہ نے واضح کیا کہ پاکستانی حکومت امریکا کا امیج ملک میں بہتر بنانا چاہتی ہے مگر دہشت گردی کے خلاف جنگ کو امریکی جنگ سمجھنے کی وجہ سے امریکی امیج میں بہتری دشوار ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ جب تک پاکستانی علاقوں میں امریکی جاسوس طیارے اڑتے رہیں گے یہ امریکی جنگ سمجھی جائے گی۔