بلوچستان میں مختلف واقعات میں 3 سگے بھائیوں سمیت 10 افراد جاں بحق

فوٹو: فائل

بلوچستان کے مختلف علاقوں میں ہونے والے ٹریفک حادثات، فائرنگ اور دیگر واقعات میں تین سگے بھائیوں سمیت 10 افراد جاں بحق ہو گئے۔

لیویز حکام کے مطابق ضلع سبی کے علاقے بختیار آباد کے قریب تیز رفتاری کے باعث دو گاڑیاں آپس میں ٹکرا گئیں، حادثے کے نتیجے میں ایک بچہ اور تین بھائی عبدالرحیم بنگلزئی، عبدالمجید بنگلزئی اور مفتی عبدالقدیر بنگلزئی سمیت چار افراد جاں بحق اور  8 افراد زخمی ہو گئے۔

نوکنڈی کے علاقے کلی غریب آباد میں پک اپ اور موٹر سائیکل کے درمیان تصادم کے نتیجے میں موٹر سائیکل سوار نسیم جاں بحق ہو گیا جب کہ بوستان میں مسافر بس اور سڑک کنارے کھڑے مال بردار ٹرک میں تصادم کے نتیجے میں بس کا ڈرائیور عبدالشکور جاں بحق ہوگیا۔

ایک اور حادثے میں گڈانی شپ بریکنگ یارڈ پر لنگر انداز جہاز کی کٹائی کے دوران لوہا گر کر لگنے سے خالد باچا اور ولی خان نامی دو مزدور جاں بحق ہو گئے۔

پولیس کے مطابق نصیر آباد میں تھانہ منگولی کی حدود گوٹھ خمیسہ خان میں شوہر کی فائرنگ سے خاتون سمیت دو افراد ہلاک ہو گئے، پولیس نے ملزم کو آلہ قتل سمیت گرفتار کر لیا۔

مزید خبریں :