29 ستمبر ، 2012
کراچی … قائد ایم کیو ایم الطاف حسین نے کہا ہے کہ مجھے بار بار قتل کرنے کی کوشش کی گئی، ساتھیوں کے کہنے پر جلا وطن ہوا، جب وطن سے باہر گیا تو دشمن بہت خوش ہوئے اور کہا کہ ایم کیو ایم تو گئی، متحدہ آگ اور خون کے دریا عبور کرنے اور کانٹوں پر چلنے والی تحریک ہے جو شہداء کی بدولت عروج کی طرف جاری ہے، اس ملک میں انقلاب ضرور آئے گا، بلوچوں کے قتل عام کے خلاف اگر کسی نے آواز اٹھائی تو وہ ایم کیو ایم ہے، بلوچوں کی حمایت جاری رکھیں گے، حیدر عباس اور بابر غوری کو اختر مینگل سے ملاقات کیلئے وقت نہیں دیا گیا۔ نقیب انقلاب کی دوسری سی ڈی کے اجراء کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے کہا کہ مجھے بار بار قتل کرنے کی کوشش کی گئی، ساتھیوں کے کہنے پر جلا وطن ہوا، جب وطن سے باہر گیا تو دشمن بہت خوش ہوئے اور کہا کہ ایم کیو ایم تو گئی، لیکن ساتھیوں اور رہنماوٴں کا جذبہ صادق ہو تو دشمنوں کو شکست ہوتی ہے۔ انہوں نے کہا کہ بلوچوں کے قتل عام پر ایم کیو ایم نے ایک ملین کی ریلی نکالی اور قتل عام کے خلاف سب سے پہلے آواز اٹھائی، حیدر عباسی رضوی اور بابر غوری نے اختر مینگل سے ملنے کیلئے وقت مانگا تھا، لیکن ایم کیو ایم کے وزراء کو کہا گیا کہ اختر مینگل آج دبئی جارہے ہیں، مگر ابھی تک وہ اورثناء اور ثناء اللہ بلوچ اسلام آباد میں موجود ہیں۔ ان کا کہنا ہے کہ اختر مینگل سے ملاقات نہ ہونے کے باوجود ہم بلوچوں کی حمایت جاری رکھیں گے، اختر مینگل اسکرپٹ کے مطابق ملاقاتیں کررہے ہیں، ہم سمجھتے ہیں اختر مینگل اور ثناء اللہ بلوچ کا ملنے سے انکار مجبوری ہے۔ قائد ایم کیو ایم نے کہا کہ اس ملک میں انقلاب ضرور آئے گا، متحدہ قومی موومنٹ کسی ایک زبان بولنے والے کی جماعت نہیں، آج نقیب انقلاب کی آواز پنجاب کے کھیتوں کھلیانوں، بلوچستان کے ریگستانوں، خیبر پختونخوا کی وادیوں، گلگت بلتستان کے پہاڑوں، جنوبی پنجاب اور سندھ کے ہاریوں تک پہنچ رہی ہے، ملک میں وڈیروں کی نجی جیلیں ہیں، وڈیروں کے ملازمین کو نجی جیل بھیج دیا جاتا ہے۔ الطاف حسین کا کہنا ہے کہ سندھ میں خواتین پر مظالم ہورہے ہیں، پسندکی شادی کرنے والوں کو سزا ملتی ہے، ایسے 12 لڑکوں کو پناہ دی اور نکاح کرایا جنہیں کاروکاری قرار دیا گیا تھا، کاروکاری سمیت ہر فرسودہ رسم کیخلاف ہیں۔ الطاف حسین نے مزید کہا کہ آگ اور خون کے دریا عبور کرنے اور کانٹوں پر چلنے والی تحریک شہدا کی بدولت عروج کی طرف جارہی ہے، اس تحریک کے خلاف فوجی آپریشن کیا گیا مگر حق پر چلنے والے ہر ظلم کو برداشت کرنے کی عادت بنالیتے ہیں۔ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ نقیب انقلاب ڈراما متحدہ قومی موومنٹ کی جہد مسلسل کی عکاسی کرتا ہے۔