پاکستان
Time 14 اپریل ، 2021

سندھ ہائیکورٹ کا فٹ پاتھوں پر غیرقانونی تعمیرات روکنےکا حکم

سندھ ہائی کورٹ نےکراچی میں فٹ پاتھوں پرغیر قانونی تعمیرات روکنےکا حکم دیا ہے۔

سندھ ہائی کورٹ میں پی ای سی ایچ ایس میں فٹ پاتھوں پرقبضے اور غیر قانونی تعمیرات کے خلاف درخواست کی سماعت ہوئی۔

درخواست گزار کے وکیل نے دوران سماعت بتایا کہ پی ای سی ایچ ایس میں گھر کے سامنے سے فٹ پاتھ توڑکر قبضہ کرلیا گیا،علاقے میں گراؤنڈ پلس ون تعمیرات کی اجازت ہے، پرائیویٹ پارٹی نےگراؤنڈ پلس ٹو تعمیر کرلیا اور مزید تعمیرات بھی جاری ہیں۔

سندھ ہائی کورٹ نے استفسارکیا کہ اگرفٹ پاتھ پرکوئی قبضہ کرکے بیٹھ جاتا ہے تو ختم کون کرائےگا ؟

درخواست گزارکے وکیل نےکہاکہ فٹ پاتھوں کی دیکھ بھال کے ایم سی کی ذمہ داری ہے۔

عدالت نے ریمارکس دیے کہ بدقسمتی سے کوئی ادارہ اپنی ذمہ داری لینے کو تیار ہی نہیں، عدالت نے فٹ پاتھوں پر غیر قانونی تعمیرات روکنے کا حکم دیتے ہوئے سندھ حکومت،کے ایم سی اور دیگر کو نوٹس جاری کردیے۔

مزید خبریں :