پاکستان
04 اکتوبر ، 2012

دوہری شہریت والوں کے ووٹ کا فیصلہ عوام کو کرنے دیں، الطاف حسین

دوہری شہریت والوں کے ووٹ کا فیصلہ عوام کو کرنے دیں، الطاف حسین

کراچی … ایم کیو ایم کے قائد الطاف حسین نے سوال کیا ہے کہ کیا دوہری شہریت والے پاکستانی نہیں، ان کی حب الوطنی پر شک درست نہیں، کیا سپریم کورٹ و دیگر اداروں سے دوہری شہریت پر دوبارہ رجوع نہیں کرنا چاہئے، اوورسیز پاکستانیوں سے ریفرنڈم کرالیں کہ کیا وہ ووٹ دینا چاہتے ہیں، ان کا کہنا ہے کہ دوہری شہریت والے بھی محب وطن ہیں، ووٹ ڈالنے سے روکنے کا فیصلہ عوام کو کرنے دیں۔ متحدہ قومی موومنٹ کے قائد الطاف حسین نے کارکنوں، اراکین پارلیمنٹ اور عہدیداروں سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ کیا اوورسیز پاکستانیوں کو دوہری شہریت کی بنیاد پرووٹ کے حق سے محروم کرنا چاہئے، کیا سپریم کورٹ و دیگراداروں سے دوہری شہریت پردوبارہ رجوع نہیں کرنا چاہئے، بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کے دل وطن کیلئے دھڑکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کیا دوہری شہریت پر بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی حب الوطنی پر شک درست ہے؟۔ کیا دوہری شہریت والے پاکستانی نہیں ہیں، پھر اوورسیز پاکستانیوں کی وزارت کیوں بنائی گئی؟۔ الطاف حسین نے سوال کیا کہ کیا دوہری شہریت والوں کو الیکشن میں ووٹ ڈالنے سے روکنا چاہئے، ہجرت بحالت مجبوری کرنا سنت رسول ہے، ان کا کیا قصور جنہوں نے مارشل لاء اور ریاستی جبر کے باعث سیاسی پناہ حاصل کی، سب نواز شریف کی طرح سعودی فرمانروا کے مہمان نہیں بنتے، کیا دوہری شہریت والوں کو ووٹ دینے کا حق نہیں ملنا چاہئے؟۔ الطاف حسین نے کہا کہ چیف جسٹس اور تمام ججز سے اپیل ہے وہ اپنے فیصلے پر نظرثانی کریں، اپنے لئے نہیں بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کیلئے اپیل کررہا ہوں، تمام سیاسی جماعتیں اس معاملے پر دوبارہ سوچیں، نواز شریف کی پارٹی دوہری شہریت کے فیصلے کی بڑی حامی ہے، وہ بتائیں 8 سال سعودی عرب میں کیسے رہے۔ متحدہ قائد نے مزید کہا کہ کیا برطانوی پارلیمنٹ میں پاکستانی شہریت رکھنے والے ارکان نہیں ہیں، کیا پاکستانی نژاد کونسلر اور ارکان دنیا بھر میں منتخب نہیں ہوتے، اگر پاکستان کی طرح ان پر برطانیہ، امریکا میں پابندی لگ جائے تو کیا ہوگا، ستر ، 80 لاکھ افراد دوہری شہریت رکھتے انہوں نے کہا کہ کیا سونیا گاندھی مکمل طور پر بھارتی ہیں، تو وہ کانگریس کی سربراہ کیسے ہیں؟، کیا دوہری شہریت والے اس مٹی کے بیٹوں کو ووٹ لینے کا حق نہیں ہونا چاہئے، دوہری شہریت کے بارے میں فیصلہ عوام کوکرنے دیں، دوہری شہریت والوں کو الیکشن میں حصہ لینے سے روکنا زیادتی نہیں؟۔ انہوں نے کہا کہ اوورسیز پاکستانیوں سے ریفرنڈم کرالیں کہ کیا وہ ووٹ دینا چاہتے ہیں، وہ دوہری شہریت کے باوجود پاکستان سے محبت کرتے ہیں۔

مزید خبریں :