06 اکتوبر ، 2012
ڈیرہ اسماعیل خان … پاکستان تحریک انصاف کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ حکمرانوں کو ملک کی کوئی فکر نہیں، ہم یہاں کسی سے لڑنے نہیں آئے، کل کوٹ کئی جانے کی کوشش کریں گے، روکا گیا تو بات چیت کریں گے، وزیر ستان امن مارچ پْر امن ہے، کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہئے، تحریک انصاف دہشتگردی کیخلاف نئے طریقے سے جنگ جیتنے کا حل بتارہی ہے۔ پاکستان تحریک انصاف کا وزیرستان امن مارچ ڈیرہ اسماعیل خان پہنچ گیا جس میں ہزاروں لوگ شامل ہیں، امن مارچ رات قیام کے بعد صبح وزیرستان روانہ ہوگا۔ ڈیرہ اسماعیل خان میں ہٹالہ کیمپ کے مقام پر پڑاوٴ کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے پی ٹی آئی کے سربراہ عمران خان نے کہا ہے کہ کل کوٹ کئی جانے کی کوشش کریں گے، دہشتگردی کے خلاف جنگ قبائلی عوام سے ملکر ہی جیت سکتے ہیں، طالبان سے کوئی خطرہ نہیں، خطرہ حکومت میں موجود لوگوں سے ہے، قبائلی عوام امن مارچ کو سیکیورٹی فراہم کررہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کا وزیر ستان امن مارچ پْر امن ہے، کسی کو اعتراض نہیں ہونا چاہے، تحریک انصاف دہشتگردی کے خلاف نئے طریقے سے جنگ جیتنے کا حل بتارہی ہے، سیاسی جماعتوں کو مارچ میں شامل ہونے کی دعوت دی تھی کوئی بھی آسکتا تھا، صبح ساڑھے 9 بجے وزیرستان کیلئے روانہ ہوں گے۔ عمران خان نے بتایا کہ حکمرانوں کو ملک کی کوئی فکر نہیں، حکمرانوں کے اثاثے بیرون ملک ہیں، عالمی میڈیا کو لانے کا مقصد یہاں کے لوگوں کے مسائل بتانا ہے، ہم یہاں کسی سے لڑنے نہیں آئے، اگر ہمیں کوٹ کئی جانے سے روکا گیا تو بات چیت کریں گے۔ سربراہ پی ٹی آئی نے کہا کہ ابھی تک انتظامیہ کی جانب سے کوئی رابطہ نہیں کیا گیا، سارے پاکستان سے عوام کو موبلائز کرکے یہاں لائے ہیں، ایسا کوئی سیاسی جماعت سوچ بھی نہیں سکتی۔