08 اکتوبر ، 2012
اسلام آباد … سربراہ تحریک انصاف عمران خان نے کہا ہے کہ مولانا فضل الرحمان آصف زرداری کے رائٹ ہینڈ ہیں، وہ ہر حکومت میں شامل ہو کر مال بناتے ہیں، الطاف حسین پر موٴقف تبدیل نہیں کیا۔ اسلام آباد میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے چیئرمین پی ٹی آئی عمران خان نے کہا کہ امن مارچ میں شریک نوجوانوں کے والدین کو گمراہ کیا گیا اور ہمیں بتایا گیا کہ وزیرستان امن مارچ کے موقع پر خودکش حملے ہوں گے، تحریک انصاف کے امن مارچ کو کنٹینر رکھ کر روکا گیا، صدر آصف زرداری کے اتحادی مولانا فضل الرحمان کی جانب سے بھی امن مارچ روکنے کی کوشش کی گئی، ٹانک میں امن ریلی کے خلاف پمفلٹ تقسیم کئے گئے۔ انہوں نے کہا کہ ہمیں کہا گیا کہ اندھیرے میں وزیرستان جانا زیادہ خطرناک ہوگا، انتظامیہ نے بھرپور کوشش کی کہ ہم وزیرستان نہ جائیں، ڈرون حملوں سے ملک میں شدت پسندی بڑھ رہی ہے، امریکی ایڈمرل مائیک مولن نے سینیٹ کی کمیٹی میں بریفنگ دی کہ ڈرون حملے پاکستانی حکومت کی اجازت سے کئے جاتے ہیں۔ عمران خان کا کہنا ہے کہ مولانا فضل الرحمان آصف زرداری کے رائٹ ہینڈ ہیں، ان کے ہوتے ہوئے یہود و نصاریٰ کی ضرورت نہیں، وہ ہر حکومت میں شامل ہوکر مال بناتے ہیں، مولانا فضل الرحمان پہلے پرویز مشرف اور اب زرداری حکومت میں مزے لوٹ رہے ہیں۔ ایم کیو ایم کے قائد سے متعلق انہوں نے کہا کہ الطاف حسین پر اپنا موٴقف تبدیل نہیں کیا، لندن میں اسکاٹ لینڈ یارڈ کے سامنے جو کہنا تھا کہہ دیا۔ عمران خان نے مزید کہا کہ حکومت نے امن مارچ کے راستے میں رکاوٹیں کھڑی کیں جس کی وجہ سے ہم وزیرستان کی چیک پوسٹ پر تاخیر سے پہنچے، جہاں فوج نے کہا کہ شام کے بعد وزیرستان جانا مناسب نہیں۔