17 جون ، 2021
پاکستان سپر لیگ(پی ایس ایل) 6 کے 26 ویں میچ میں اسلام آباد یونائیٹڈ نے دلچسپ اور سخت مقابلے کے بعد پشاور زلمی کو 15 رنز سے شکست دے دی۔
ابوظبی میں کھیلے گئے میچ میں پشاور زلمی کے کپتان وہاب ریاض نے ٹاس جیت کر اسلام آباد یونائیٹڈ کو پہلے بیٹنگ کی دعوت دی ۔
پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے اسلام آباد یونائیٹڈ نے مقررہ 20 اوورز میں 2 وکٹ پر 247 رنز بناڈالے اور پاکستان سپر لیگ کی تاریخ کا سب سے بڑا اسکور بناکر پی ایس ایل میں سب سے بڑے ٹوٹل کا اپنا ہی ریکارڈ توڑ دیا۔ یونائیٹڈ نے اس سے قبل 2019 میں لاہور قلندرز کے خلاف 238 رنز بنائے تھے۔
اسلام آباد یونائٹیڈ نے پی ایس ایل میں پشاور زلمی کے خلاف کسی بھی پاکستانی ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ کا سب سے بڑا ٹوٹل بھی بنایا،اس سے قبل 2010 میں نیشنل ٹی ٹوئنٹی ٹورنامنٹ میں کراچی ڈولفنز نے لاہور ایگلز کے خلاف 243 رنز بنائے تھے۔
پشاور زلمی کے خلاف اسلام آباد یونائیٹڈ کے کپتان عثمان خواجہ نے شاندار سینچری کی اور ناقابل شکست رہے ، انہوں نے اپنی اننگز میں 3 چھکے اور 13 چوکے لگائے اور 105 رنز پر ناٹ آؤٹ رہے۔
اس موقع پر کولن منرو نے47 اور آصف علی نے 43 رنز بناکر ان کا خوب ساتھ دیا۔
خیال رہے کہ انجری کے باعث شاداب خان آج اسلام آباد یونائیٹڈ کے اسکواڈ کا حصہ نہیں تھے جس کے باعث پاکستانی نژاد آسٹریلوی کرکٹر عثمان خواجہ اسلام آباد کی قیادت کررہے تھے۔
ہدف کے تعاقب میں زلمی کو ابتدا ہی میں نقصان اٹھانا پڑا اور اوپنر حضرت اللہ پہلی گیند پر آٹ ہوگئے، ان کے بعد آنے والے امام الحق بھی 7 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئے۔
اس موقع پر تجربہ کار وکٹ کیپر بلے باز کامران اکمل نے جارحانہ اننگز جاری رکھی اور 32 گیندوں پر 52 رنز کی اننگز کھیلی، شعیب ملک نے بھی تجربے کا خوب فائدہ اٹھایا اور 36 گیندوں پر 68 رنز بنائے تاہم 17 ویں اوور میں 185 کے مجموعی اسکور پر بولڈ ہوگئے۔
ان کے بعد کپتان وہاب ریاض اور عمید آصف نے جارحانہ اننگز کھیلی اور میچ کو دلچسپ مرحلے میں پہنچادیا،وہاب ریاض نے 18 گیندوں پر 28 رنز بنائے جب کہ عمید نے 9 گیندوں پر 20 رنز کی اننگز کھیلی، پشاور زلمی کی ٹیم 20 اوورز میں 6 وکٹوں کے نقصان پر 232 رنز بناسکی اور اسے 15 رنز سے شکست ہوئی۔
اسلام آباد کی جانب سے عاکف جاوید نے 3، حسین طلعت نے 2 اور حسن علی نے ایک وکٹ حاصل کی۔
واضح رہے کہ اس میچ میں مجموعی طور پر 479 رنز بنے جو کہ پاکستان کے کسی بھی ڈومیسٹک ٹورنامنٹ میں سب سے بڑا رنز کا مجموعہ ہے،اس سے قبل 2010 میں کراچی ڈولفنز اور لاہور ایگلز کے درمیان 451 رنز بنے تھے۔