28 جون ، 2021
کراچی سے لاہور جانے والے پاکستان انٹرنیشنل ائیرلائنز (پی آئی اے) کے طیارے کو موسم کی خرابی کی وجہ سے بھارتی فضائی حدود میں داخل ہونا پڑا۔
پی آئی اے کا طیارہ 10 منٹ تک بھارتی فضائی حدود میں رہا، طیارے کا رخ موڑنے کے باوجود پی آئی اے کی پرواز لاہور میں لینڈ نہیں کرسکی۔
پی آئی اے ترجمان کے مطابق پی آئی ا ے کی پروازکے ساتھ یہ واقعہ جمعہ کو پیش آیا جب کراچی سے لاہور کیلئے روانہ ہونے والی پرواز پی کے 306 ملتان کے قریب پہنچی تو موسم اچانک خراب ہوگیا، بلندی پر گہرے بادلوں کی وجہ سے لاہور میں لینڈنگ ممکن نہیں تھی جس پر طیارے کے پائلٹ کیپٹن بابر درانی نے لاہور اے ٹی سی سے درخواست کی کہ اگر بھارتی فضائی حدود میں داخلے کی اجازت مل جائے تو وہ مشرق یا جنوب مشرق کی جانب سے لاہور میں اتر سکتا ہے۔
لاہور ائیر ٹریفک کنٹرولر نے ہاٹ لائن الفا فریکیونسی پر دہلی ائیرٹریفک کنٹرولر سے رابطہ کیا۔ دہلی ائیر ٹریفک کنٹرولر نے انڈین ائیرڈیفنس کلیئرنس کے بعد پی آئی اے کے طیارے کو بھارتی فضائی حدود میں داخلے کی اجازت دے دی لیکن جب پی آئی اے کے طیارے نے بھارت کی جانب سے پرواز کرتے ہوئے لاہور میں لینڈنگ کرنا چاہی تو ایک بار پھر بادل راستے میں آگئے اور پی آئی اے کی پرواز لاہور میں نہیں اتر سکی اور اس پرواز کو اسلام آباد ائیرپورٹ پر لینڈنگ کرنا پڑی۔