Time 08 جولائی ، 2021
پاکستان

محکمہ موسمیات نے ملک بھر میں مون سون بارشوں کی پیش گوئی کردی

محکمہ موسمیات نے گرمی اور  حبس کے ستائے شہریوں کے لیے موسلا دھار بارشوں کی خوش خبری دے دی ہے۔

محکمہ موسمیات کے مطابق رواں ہفتے کے اختتام پر شروع ہونے والا مون سون کا سلسلہ وسطی اور بالائی علاقوں میں اگلے ہفتےتک  جاری رہے گا جبکہ پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ اورمیدانی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ بھی ظاہر کیا گیا ہے۔

مون سون کی پہلی بارشوں کے پیش نظر متعلقہ محکموں کو الرٹ جاری کر دیا گیا ہے، مون سون کی طاقتور ہوائیں ہفتے کو  شمال مشرقی علاقوں میں داخل ہوں گی ، اِن ہواؤں کے زیر اثر موسلا دھار بارشوں کا امکان ہے۔

اس کے علا وہ کشمیر ،اسلام آباد ، اٹک ،جہلم ،گجرات ،سیالکوٹ ،حافظ آباد ،لاہور، شیخوپورہ ،قصور، اوکاڑہ ،جھنگ ،دیر ،سوات ، کوہستان ،اسکردو  اور  ہنزہ  کے ساتھ ساتھ   ساہیوال ، خانیوال ، بہاولنگر اور ڈی جی خان میں بھی بادل برسیں گے۔

محکمہ موسمیات کا کہنا ہے کہ راولپنڈی ،لاہور ، گوجرانوالہ، پشاور اورفیصل آباد میں اربن فلڈنگ اور گلگت بلتستان ، پنجاب اور کے پی کے پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خطرہ ہے۔

محکمہ موسمیات نے اس دوران آندھی سے بھی نقصانات کا خدشہ ظاہر کیا ہے۔

مزید خبریں :