13 اکتوبر ، 2012
سوات/نوشہرہ… ملالہ یوسفزئی پر حملے کے الزام میں نوشہرہ اور سوات میں اہم گرفتاریاں ہوئی ہیں۔ قانون نافذ کرنیوالے حکام کے مطابق سوات سے گرفتار ہونیوالے افراد کی نشاندہی پر نوشہرہ میں اکبرپورہ کے علاقے باڑہ خاڑہ میں آپریشن کیا گیا۔ آپریشن میں حساس اداروں اور پولیس کے اہلکاروں نے حصہ لیا اور کارروائی کے دوران ملالہ یوسفزئی اور اس کی ساتھیوں پر حملے کے الزام میں 3 سگے بھائیوں کو گرفتار کیا گیا ہے،تینوں ملزمان عرفان، عبدالحاجی اور انعام کا تعلق کالعدم تحریک طالبان سے ہے جو سوات کے علاقے مینگورہ کے رہائشی ہیں۔ ملزمان کو پوچھ گچھ کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کردیا گیا ہے۔ ملزمان سے برآمد ہونیوالا اسلحہ اور دیگر اہم دستاویزات بھی قبضے میں لی گئی ہیں۔اس سے قبل سوات میں ملالہ یوسف زئی کے اسکول کے چوکیدار اور اکاوٴنٹنٹ سمیت 4افراد کو بھی حراست میں لے لیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ان تمام افراد کو پوچھ گچھ کے لئے نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے جہاں ان سے تفتیش جاری ہے۔