کے الیکٹرک کا سب اسٹیشن دھماکے سے تباہ

آج صبح کے الیکٹرک کا سب اسٹیشن دھماکے سے تباہ ہوگیا:ذرائع— فوٹو جیو نیوز
آج صبح کے الیکٹرک کا سب اسٹیشن دھماکے سے تباہ ہوگیا:ذرائع— فوٹو جیو نیوز

کراچی کے سائٹ انڈسٹریل ایریا میں بجلی سپلائی کے لیے قائم کے الیکٹرک کا سب اسٹیشن دھماکے سے تباہ ہو گیا۔

پولیس ذرائع  کے مطابق سائٹ میں ولیکا چورنگی کے قریب آج صبح زوردار دھماکا ہوا جس کی آواز  دور دور تک سنی گئی، دھماکے سے کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن کی دیواریں منہدم ہوگئیں اور  سب اسٹیشن سے متصل دفتر  میں بھی آگ لگ گئی جس سے اسے بھی شدید نقصان پہنچا۔

دھماکے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے:پولیس —فوٹوبشکریہ جیو نیوز
دھماکے کی وجہ فوری طور پر معلوم نہیں ہوسکی ہے:پولیس —فوٹوبشکریہ جیو نیوز

 سینئر سپرینٹنڈنٹ پولیس (ایس ایس پی) کیماڑی فداحسین جانوری کا کہنا ہے فی الحال یہ واضح نہیں ہو سکا ہےکہ دھماکا کے الیکٹرک کے سب اسٹیشن کے اندر  ہوا  یا اس کے ساتھ ملحق پلاٹ کا زیر  زمین ٹینک گیس بھرنے کی وجہ سے  پھٹا۔

فداحسین جانوری نے بتایا کہ بم ڈسپوزل اسکواڈ اور کے الیکٹرک کا عملہ جگہ کے معائنے کے بعد صورتحال سے آگاہ کرے گا۔ 

فائر بریگیڈ کو بھی موقع پر طلب کیا گیا—فوٹو جیو نیوز
فائر بریگیڈ کو بھی موقع پر طلب کیا گیا—فوٹو جیو نیوز

دھماکے کی اطلاع پر  ایدھی فاؤنڈیشن کا عملہ فوری طور  پر موقع پر  پہنچا مگر  پولیس کے مطابق دھماکے سے کسی جانی نقصان کی کوئی اطلاع نہیں ملی، فائر بریگیڈ کو بھی طلب کیا گیا تھا تاہم ان کے پہنچنے سے پہلے ہی آگ بجھ چکی تھی۔

مزید خبریں :