پاکستان
16 اکتوبر ، 2012

تحفظ ناموس رسالتﷺ کیلئے مسلم حکمرانوں نے کچھ نہیں کیا، فضل کریم

 تحفظ ناموس رسالتﷺ کیلئے مسلم حکمرانوں نے کچھ نہیں کیا، فضل کریم

راولپنڈی…چیئرمین سنی اتحاد کونسل صاحبزادہ فضل کریم نے کہا ہے کہ تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ والہ وسلم کیلئے عالم اسلام کے حکمرانوں کو جو کردار ادا کرنا چاہیے تھا وہ ادا نہیں کیا، ٹرین مارچ کے شرکا سے خطاب کرتے ہو ئے چیئر مین سنی اتحاد کو نسل نے مطالبہ کیا کہ تحفظ ناموس رسالت صلی اللہ علیہ والہ وسلم کیلئے اقوام متحدہ قانون سازی کرے،جبکہ او آئی سی کا اجلاس مدینہ منورہ یا مکہ مکرمہ میں بلایا جائے اور تمام انبیائے کرام کے ناموس کی حفاظت کے لیے قانون سازی کی جائے۔ ہم نے 36 گھنٹے تک ٹرین مارچ کیا، جس کا لاکھوں افراد نے استقبال کیا ،آئندہ کے لائحہ عمل کا فیصلہ مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔ صاحبزادہ فضل کریم نے مزید کہا کہ وقت کا تقاضا ہے کہ دہشت گردوں کے خلاف کریک ڈاوٴن کیا جائے، نام نہاد جہاد کا اعلان کرنے والے دہشت گرد ہیں، کسی مذہبی جماعت کو جہاد کا اعلان کرنے کا اختیار حاصل نہیں، ملک میں دہشت گردی کی بنیاد ضیاء الحق کے دور میں پڑی۔انہوں نے کہا حکمران اپنے اقتدار کو مضبوط کرنے کے لیے امریکا کی خوشنودی حاصل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔

مزید خبریں :