04 ستمبر ، 2021
افغانستان سے انخلا کے بعد پاکستان میں عارضی طور پر قیام پذیر غیرملکیوں کو اگلی منزل پر پہنچانے کیلئے افغانستان میں سابقہ اتحادی افواج کے طیاروں نے اسلام آباد کیلئے جمعےکو اپ اور ڈاؤن کی 8 پرواز آپریٹ کیں۔
ایوی ایشن ذرائع کے مطابق ترکی کے قیصری ائیرپورٹ سے اُڑنے والی قطر ائیر فورس کی 2 پروازوں ٹی یو اے ایف 740 اور ٹی یو اے ایف 741 نے اسلام آباد کے نور خان ائیر بیس پر جمعے کی سہہ پہر لینڈ کیا۔
دونوں طیارے ڈیڑھ گھنٹے بعد روانہ ہوگئے ،دونوں طیاروں نے دو طرفہ روٹ کیلئے افغانستان کی فضائی حدود استعمال کی۔
جس کے بعد دبئی سے روانہ ہونے والی رائل ائیر فورس کی خصوصی پرواز آر آر آر 5740 نے شام 6:45 بجے اور قبرص کے لارناکا ائیرپورٹ سے اُڑنے والی بیلجیم ائیر فورس کی خصوصی پرواز بی اے ایف 655 نے رات 7:40 بجے اسلام آباد انٹرنیشنل ائیرپورٹ پر لینڈ کیا۔
اس کے علاوہ رائل ائیر فورس کی ایک پرواز رات 9 بجے جبکہ دوسری 30 منٹ بعد منزل پر روانہ ہوئی۔