18 اکتوبر ، 2012
لاہور…وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف کے داماد علی عمران کو بیکری ملازم پر تشدد کیس میں 14روزہ جوڈیشل ریمانڈپر دے دیا گیا ہے، دریں اثنا اُن کی درخواست ضمانت پر کارروائی بھی کل تک ملتوی کردی گئی ہے۔لاہور کے پوش علاقے ڈیفنس میں وزیراعلیٰ کی بیٹی کے کہنے پر بیکری نہ کھولنے پر ایک ملازم کو ایلیٹ فورس کے اہلکاروں کی طرف سے تشدد کا نشانہ بنانے کے مقدمے میں وزیراعلیٰ کے داماد علی عمران گزشتہ روز تھانے میں پیش ہوئے۔پولیس نے انھیں تعزیرات پاکستان کی دفعہ 109 کے تحت گرفتار کر کے آج انھیں علاقہ مجسٹریٹ کے سامنے پیش کیا ،مجسٹریٹ نے مختصر سماعت کے بعد علی عمران کو 14روزہ ریمانڈ پر دے دیا اورعلی عمران کی ضمانت کی درخواست پر ایس ایچ اوکو نوٹس بھی جاری کردیا گیا ہے۔دریں اثنا اُن کے وکلا ء کی جانب سے جمع کرائی گئی درخواست ضمانت پر کارروائی بھی کل تک کے لئے ملتوی کردی گئی، کل اس کیس کی مزید سماعت کی جائے گی۔وزیر اعلیٰ پنجاب کے دامادعلی عمران کو کیمپ جیل بھجوایا جائے گا۔