07 اکتوبر ، 2021
قومی ائیر لائن پی آئی اے کی جانب سے اندرون ملک پروازوں میں مسافروں کو ناشتہ اور کھانا فراہم نہیں کیا جارہا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے یکم اکتوبر سے اندرون ملک پروازوں میں کھانا فراہم کرنے کی اجازت دے رکھی ہے۔
ذرائع کے مطابق پی آئی اے کی اسلام آباد پرواز پی کے 300 میں مسافروں کو ناشتہ نہیں دیا گیا، دوران پرواز مسافروں کو صرف ایک بوتل پانی ان کی نشست پر رکھی ملی، اسلام آباد کا یک طرفہ کرایہ 15 ہزار روپے تک لیا گیا اور کھانا نہیں دیاگیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کی اجازت کے باوجود پروازوں میں ناشتہ اور کھانا نہ دینے پر مسافروں نے ناراضی کااظہار کیا۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی کے مطابق پروازوں میں کھانا فراہم کرنے کا فیصلہ کورونا وائرس کیس میں کمی کے بعد کیا گیاہے۔