19 اکتوبر ، 2012
برمنگھم … ملالہ یوسف زئی کی حالت بہتر ہورہی ہے اور انہوں نے نیک تمناوٴں کا اظہار کرنے والے افراد سے اظہار تشکر کیا ہے۔ برمنگھم کے کوئن ایلزبتھ اسپتال نے سوات میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے زخمی ہونے والی ملالہ یوسف زئی کی تصویر جاری کردی، جس میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ان کی آنکھیں کھلی ہوئی اور وہ کیمرے کی جانب دیکھ رہی ہیں، ڈاکٹرز کے مطابق ان کی حالت دن بدن بہتر ہورہی ہے۔ نمائندہ جیو نیوز مرتضیٰ علی شاہ کے مطابق ملالہ نے آج نرس کی مدد سے چلنے کی کوشش کی جبکہ وہ لکھ کر ڈاکٹروں سے بات چیت بھی کررہی ہیں۔ ملالہ یوسف زئی نے نیک تمناوٴں کا اظہار کرنی والے تمام افراد سے اظہار تشکر کیا ہے اور کہا ہے کہ علاج کرنے والے ڈاکٹروں اور نرسوں کی بھی مشکور ہیں۔ ذرائع کے مطابق کوئنز ایلزبتھ اسپتال میں ملالہ کی دیکھ بھال کیلئے ڈاکٹروں کی ٹیم میں اردو بولنے والا ڈاکٹر بھی رکھا گیا ہے جس سے گفتگو میں ملالہ نے کہا ہے کہ وہ انگریزی بھی بول سکتی ہیں۔ ڈاکٹرز کے مطابق ملالہ کی حالت اب بھی تشویشناک ہے تاہم ملالہ بہت باہمت ہے اور وہ پر امید ہیں کہ ملالہ جلد صحت یاب ہو جائے گی۔ ذرائع کے مطابق ملالہ کی ری کنسٹرکٹو سرجری کی جائے گی، انہیں انتہائی نگہداشت میں رکھا گیا ہے، ڈاکٹرز وقتاً فوقتاً ان کا چیک کرتے رہتے ہیں۔ اسپتال ذرائع کا کہنا ہے کہ ملالہ جب آئی تھیں تو ان کے سر کے زخم میں انفیکشن بہت زیادہ تھا جو اب کم ہوچکا ہے اور مائنر انفیکشن کے ختم ہونے کے بعد ان کی ری کنسٹرکٹو سرجری کی جائے گی۔ دوسری جانب نمائندہ جیو نیوز نے بتایا ہے کہ ملالہ کے لئے برمنگھم اسپتال میں بنائے گئے اسپیشل پیج پر 3000 سے زائد پیغامات آئے ہیں، انتظامیہ کا کہنا ہے کہ پہلی بار ایسا کہ کسی ایک مریض کیلئے اتنے پیغامات آئے جبکہ مختلف تنظیموں اور طبقات کی جانب سے ملالہ کیلئے تحائف بھیجے اور مظاہرے کئے جارہے ہی۔ اسپتال ذرائع نے بتایا ہے کہ 2 روز قبل تک ملالہ کسی قسم کا رد عمل ظاہر نہیں کررہی تھیں تاہم اب ان کی حالت بہتر ہورہی ہے اور وہ پوری بات سمجھ اور رد عمل کا اظہار بھی کررہی ہیں۔