دنیا
20 اکتوبر ، 2012

ڈیلس:اپنا کی جانب سے پاکستانی پسماندہ علاقوں میں فلاحی منصوبے

ڈیلس:اپنا کی جانب سے پاکستانی پسماندہ علاقوں میں فلاحی منصوبے

ڈیلس(راجہ زاہد اختر خانزادہ)امریکا میں پاکستانی ڈاکٹروں کی بڑی نمائندہ تنظیم ایسوسی ایشن آف فزیشن آف پاکستان ڈیسنٹ آف نارتھ امریکا (اپنا) کی جانب سے جہاں پاکستان کے پسماندہ علاقوں میں فلاحی منصوبے جاری ہیں وہاں مذکورہ تنظیم کی جانب سے امریکا میں بسنے والی کمیونٹی کیلئے بھی خدمات کا سلسلہ جاری ہے جس میں فری ہیلتھ کلینک اور فلو اور دیگر امراض سے بچاؤ کیلئے حفاظتی ٹیکے اور طبی سہولیات فراہم کرنے کے سلسلے میں امریکا بھر میں قائم 30 سے زائد کلینک میں کمیونٹی کو اپنی سروسز فراہم کررہی ہیں اس سلسلے میں 15 نومبر سے فلو اور دیگر امراض سے بچاؤ کیلئے مہم کا آغاز کیاجارہا ہے تاہم امریکا کی ریاست ڈیلس میں اپنا کے چیپٹر کے تحت اس ہفتہ ان امراض سے بچاؤ کیلئے پلانو کی مسجد میں طبی کیمپ لگایا گیا جس میں یہاں کے لوگوں کوطبی سہولیات فراہم کی گئیں جس میں کمیونٹی نے اس مفت کیمپ سے بھرپور استفادہ کیا۔ اپناکی جانب سے اس طرح کے کیمپ لگانے کا مقصد ان افرادکوطبی سہولیات فراہم کرنا ہے جن کے پاس ہیلتھ انشورنس نہیں ہے۔ اپنا ڈیلس چیپٹرکے صدر ڈاکٹر داؤد ناصر نے کہاکہ فلو کے باعث کافی اموات ہوئی ہیں، لہٰذا سردیوں کے آنے سے قبل اپنا کی جانب سے کیمپ لگایا گیا ہے تاکہ کمیونٹی کو اس موذی مرض سے بچایا جاسکے اور اس ضمن میں وہ پاکستانی ڈاکٹر جنہوں نے اپنا قیمتی وقت اس فلاحی کام کیلئے وقف کیا، قابل تعریف ہیں۔ اپنا کی مرکزی صدر ڈاکٹر صائمہ ظفر نے بھی تمام چیپٹر کو ہدایات جاری کردی ہیں کہ وہ اس سلسلے میں امریکہ بھرمیں کیمپ اور فری کلینک لگائیں جو کی 15 نومبرسے امریکہ بھرمیں اپنا کام شروع کریں گے۔

مزید خبریں :