پاکستان
Time 06 دسمبر ، 2021

مولانا فضل الرحمان نے سیالکوٹ واقعے کی غیرمشروط مذمت کردی

اپوزیشن اتحاد پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) اور جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے سیالکوٹ واقعے کی غیرمشروط مذمت کردی۔

اسلام آباد میں پی ڈی ایم سربراہی اجلاس سے قبل میڈیا سے گفتگو میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ سیالکوٹ جیسے واقعات کی غیرمشروط مذمت کرتے ہیں۔

ان کا کہنا تھاکہ سوال یہ ہے ایسے واقعات کو روکے گا کون؟ ریاست، آئین اور قانون کو حرکت میں آنا پڑے گا، ہماری اپنی حکومت بھی ہوتی تو یہی کہتا کہ کوتاہی ہوئی ہے۔

مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھاکہ ایسے واقعات روکنے کیلئے قومی سوچ کو سامنے لانا ہوگا، بندوق کے ذریعے کسی نظریے کی بات کرنےکی شروع سے مخالفت کررہے ہیں، ہم آئین، قانون اور جمہوریت کی صف میں کھڑے ہیں۔

خیال رہے کہ گزشتہ دنوں سیالکوٹ میں پیش آئے سری لنکن فیکٹری منجر کے قتل کے واقعے سے متعلق مولانا فضل الرحمان کے بیان کی سوشل میڈیا صارفین نے مذمت کی تھی۔

مسلم لیگ ن کے رہنما احسن اقبال نے ٹوئٹر پر جمعیت علمائے اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان کو سیالکوٹ واقعے پر جواب دیتے ہوئےکہا تھاکہ مولانا صاحب سیالکوٹ جیسے واقعات کی غیر مشروط مذمت ہونی چاہیے۔

واضح رہے کہ 3 دسمبر کو اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔

انسانیت سوز خونی کھیل کو فیکٹری گارڈز روکنے میں ناکام رہے، فیکٹری ورکرز منیجر کو مارتے ہوئے نیچے لائے ، مار مار کر جان سے ہی مار دیا، اسی پر بس نہ کیا، لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے، ڈنڈے مارے، لاتیں ماریں اور پھر آگ لگا دی۔

مزید خبریں :