پاکستان
Time 07 دسمبر ، 2021

جنید جمشید کو مداحوں سے بچھڑے 5 برس بیت گئے

دل دل پاکستان سے دلوں میں گھرکرنے والے جنید جمشید کو دنیا سے گزرے پانچ برس بیت گئے۔

جنید جمشید کا شمار پاکستان کے بہترین اور صف اول کے گلوکاروں میں ہوتا تھا، انہوں نے اپنے گلوکاری کےکیریئر میں وہ شہرت اور مقبولیت حاصل کی جو بہت ہی کم لوگوں کے نصیب میں آتی ہے۔

 ان کے ملی نغمے دل دل پاکستان نے دلوں میں گھرکیا اور مقبولیت کے ریکارڈ قائم کیے اور دل دل پاکستان سے 80کی دہائی کے آخری سالوں میں اس دور کے ہر نوجوان کے دل میں اترنے والی اس آواز کو ہماری پاپ کی تاریخ میں ایک آئیکون کی حیثیت حاصل ہے، لیکن جب دل کی دنیا بدلی تو جنید جمشید نے خودکو تبلیغ میں مصروف کرلیا اور نعتیہ کلام پڑھا تو اسے بھی خوب سراہا گیا۔

7 دسمبر 2016 کو چترال سے اسلام آباد پرواز کرنے والا قومی ائیرلائنز (پی آئی اے)کا اے ٹی آر طیارہ حویلیاں کے قریب گر کر تباہ ہوگیا تھا، اس حادثے میں جنید جمشید اور ان کی اہلیہ سمیت 54 افراد جاں بحق ہوئے تھے۔

جنید جمشید بہت سے لوگوں کے لیے ایک متاثر کن شخصیت تھے، انہوں نے نعتوں کے ساتھ ساتھ کئی دینی پروگرام اور ایونٹس میں بھی شرکت کی اور اپنی زندگی کے آخری سفر میں بھی وہ اسلام کی تبلیغ پر موجود تھے۔

جنید جمشیدکو ان کی خوبصورت آواز اور متاثر کن شخصیت کی وجہ سے دنیا بھر میں ان کے مداح انہیں ہمیشہ یاد رکھیں گے۔

مزید خبریں :