25 اکتوبر ، 2012
اسلام آباد … وفاقی وزیر اطلاعات قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ اصغر خان کیس میں حمید گل اور اسد درانی کے خلاف کارروائی کریں گے، میاں صاحب نے عدالتی فیصلے کے حق میں بات کہی جو خوش آئند ہے، چوہدری نثار اور شہباز شریف نے کہا تھا ایف آئی سے تحقیقات قبول نہیں۔ جیونیوز کے پروگرام کیپیٹل ٹاک میں حامد میر سے گفتگو کرتے ہوئے وفاقی وزیر اطلاعات اور پی پی رہنما قمر زمان کائرہ نے کہا ہے کہ مسلم لیگ ن کے مختلف رہنماوٴں نے تحقیقات کے لئے مختلف اداروں کے نام لئے، میاں نواز شریف نے عدالتی فیصلے کے حق میں بات کہی جو خوش آئند ہے۔ انہوں نے کہا کہ قومی اسمبلی میں قائد حزب اختلاف چوہدری نثار علی خان اور وزیراعلیٰ پنجاب شہباز شریف نے کہا تھا کہ ایف آئی اے سے تحقیقات قبول نہیں۔ قمر زمان کائرہ کا مزید کہنا ہے کہ اصغر خان کیس میں حمید گل اور اسد درانی کے خلاف کارروائی کریں گے۔