Time 15 دسمبر ، 2021
پاکستان

رانا شمیم کے بیٹے احمد حسن نے اپنی سیاسی جماعت شانِ پاکستان قائم کردی

ہماری انقلابی جماعت وہ تبدیلی لائے گی جو عمران خان، بینظیر بھٹو اور نواز شریف لانے میں ناکام رہے: احمد حسن۔ فوٹو: فائل
ہماری انقلابی جماعت وہ تبدیلی لائے گی جو عمران خان، بینظیر بھٹو اور نواز شریف لانے میں ناکام رہے: احمد حسن۔ فوٹو: فائل

سابق چیف جج گلگت بلتستان رانا شمیم کے بیٹے احمد حسن رانا نے اپنی سیاسی جماعت ’’شانِ پاکستان‘‘ قائم کر دی۔

لندن میں صحافیوں سے بات چیت کرتے ہوئے احمد حسن کا کہنا تھا کہ ملک کو اصل ریاستِ مدینہ بنائیں گے، ہماری انقلابی جماعت وہ تبدیلی لائے گی جو عمران خان، بینظیر بھٹو اور نواز شریف لانے میں ناکام رہے۔

احمد حسن کا کہنا تھا کہ انہوں نے ہم خیال دوستوں کے ساتھ مل کر ایک گروپ تشکیل دیا ہے جو خوشحال اور اچھے تعلقات کے حامل، محنتی اور ذہین افراد پر مشتمل ہے، فی الوقت نئی قائم کی گئی جماعت کی ویب سائٹ واٹس ایپ پر بنائی گئی ہے۔

سپریم کورٹ کے وکیل احمد حسن کا کہنا تھا کہ شانِ پاکستان جماعت جلد ہی قومی سطح پر لانچ کی جائے گی اور یہ کام فنڈنگ اور  وسائل حاصل ہونے پر کیا جائے گا۔

احمد حسن کا کہنا تھا کہ ہم ملک کو اسلامی فلاحی ریاست اور اصل مدینہ کی ریاست بنائیں گے جس میں مفت ہیلتھ کیئر، تعلیم اور کاروبار کی آسانی کی سہولتیں میسر ہوں گی۔

سابق چیف  جج کے بیٹے نے مزید کہا کہ عمران خان تین سال سے حکومت میں ہیں اور کہتے ہیں گھبرانا نہیں ہے، وہ یہ بھی کہتے ہیں کہ ابھی انہیں مزید پانچ سال درکار ہیں تاکہ تبدیلی لا سکیں، یہی کچھ نواز شریف اور  بینظیر نے کیا تھا لیکن ہم اپنی پالیسی اور ویژن سے پاکستان کو حقیقی فلاحی ریاست بنانے میں کامیاب ہوں گے۔

مزید خبریں :