06 دسمبر ، 2021
گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم کے صاحبزادے احمد حسن کا کہنا ہے کہ والد کے بیان حلفی سے مکر جانے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔
احمد حسن رانا نے ایک بیان میں کہا ہے کہ سابق چیف جسٹس ثاقب نثار کے خلاف بیان دینے والے گلگت بلتستان کے سابق چیف جج رانا شمیم اپنے بیان حلفی پر قائم ہیں۔
انہوں نے کہا کہ والدکے بیان حلفی سے مکر جانے کی خبر میں کوئی صداقت نہیں۔
احمد حسن رانا نے کہا کہ کمرہ عدالت میں والد نے کہا تھا کہ انھوں نے افشا دستاویز کا مشاہدہ نہیں کیا۔
انہوں نے کہا کہ اوتھ کمشنر چارلس گھتری سے اتفاق ہے کہ جسٹس شمیم نے ہوش و حواس میں بیان حلفی پر دستخط کیےجبکہ بیان حلفی پر دستخط کرنے کے نتائج و خطرات سے والد بخوبی آگاہ تھے۔
احمد حسن نے مزید کہا کہ ان کے والد کو علم ہے کہ اگر وہ اپنی بات ثابت نہ کرسکے تو وہ جیل بھی جاسکتے ہیں۔
رانا شمیم نے حلف نامے میں کیا کہا؟
گلگت بلتستان کے سابق چیف جسٹس رانا ایم شمیم نے اپنے مصدقہ حلف نامے میں کہا تھا کہ وہ اس واقعے کے گواہ تھے جب اُس وقت کے چیف جسٹس پاکستان ثاقب نثار نے ہائی کورٹ کے ایک جج کو حکم دیا تھا کہ 2018ء کے عام انتخابات سے قبل نواز شریف اور مریم نواز کو ضمانت پر رہا نہ کیا جائے۔