16 فروری ، 2012
اسلام آباد … آزاد کشمیر سمیت ملک کے بالائی و شمالی علاقوں میں برفباری کا سلسلہ تھم جانے کے بعد موسم تو خشک ہوگیا ہے تاہم بیشتر علاقوں میں سردی کی لہر بدستور جاری ہے۔مانسہرہ ،ایبٹ آباد اور گلیات سمیت ہزارہ ڈویژن میں موسم جزوی ابر آلود ہے تاہم سردی کی شدت میں کچھ کمی واقع ہوئی ہے۔غذر،استور اور اسکردو سمیت بلتستان ڈویژن میں بھی مطلع صاف ہے تاہم سردی کی شدت کم نہیں ہوئی ہے۔ مالاکنڈ ڈویژن کے تمام علاقوں میں گزشتہ چار روز سے موسم صاف ہے۔تاہم کالام،مالم جبہ اور میاندم سمیت بالائی علاقوں کا درجہ حرارت رات کے وقت نقطہ انجماد سے نیچے گرجا تا ہے۔شمالی بلوچستان میں موسم سرد اور خشک ہے۔چمن،پشین زیارت سمیت تمام علاقوں کو سخت سرد ی نے لپیٹ میں لے رکھاہے جس کی وجہ سے معمولات زندگی متاثر ہیں۔بجلی کی اٹھارہ سے بیس گھنٹوں کی لوڈشیڈنگ سے شہری مزید مشکلات کا شکار ہیں۔