Time 02 فروری ، 2022
کھیل

پی ایس ایل7:کورونا ایس او پیز کی خلاف ورزی، امپائر فیصل آفریدی 5 میچز کیلئے معطل

پاکستان کرکٹ بورڈ (پی سی بی) کے ایلیٹ پینل میں شامل امپائر فیصل خان آفریدی کو ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے لیے بنائے گئے حفاظتی پروٹو کولز کی خلاف ورزی کرنے پر 5 میچز کے لیے معطل کردیا گیا ہے۔

پی سی بی کے مطابق  فیصل خان آفریدی پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ بھی عائد کیا گیا ہے۔

ذرائع کے مطابق فیصل آفریدی نے ہوٹل میں کووڈ پروٹوکولزکی خلاف ورزی کی تھی، وہ دوسرے کووڈ ٹیسٹ سے قبل اپنے روم سے باہر آگئے تھے۔

ذرائع کاکہنا ہے کہ کراچی ہوٹل پہنچنے پر فیصل آفریدی کوروناکا شکار ہوئے تھے تاہم7 روزہ آئیسولیشن مکمل کرنے کے بعد ان کا پہلا ٹیسٹ نیگیٹیو آیا تھا۔

 ذرائع کے مطابق کمرے سے باہر آنے کیلئے دو نیگیٹیو ٹیسٹ لازمی تھے تاہم وہ  دوسرے ٹیسٹ سے قبل ہی کمرے سے باہر آگئے تھے۔

دوسری جانب پاکستان کرکٹ بورڈ کے چیف آپریٹنگ آفیسر سلمان نصیر کا کہنا ہے کہ پی سی بی نے ایچ بی ایل پی ایس ایل 7 کے لیے بنائے گئے حفاظتی پروٹوکولز کی خلاف ورزی پر زیرو ٹولیرنس پالیسی اپنا رکھی ہے۔

انہوں نے کہا کہ اس اقدام سے ثابت ہوتا ہے کہ  پی سی بی تمام شرکاء کی صحت اور حفاظت کو اولین ترجیح دیتے ہوئے ایک کامیاب ایونٹ کے انعقاد کو یقینی بنانا چاہتا ہے۔

پی سی بی کے مطابق فیصل خان آفریدی نے اپنے جرم کا اعتراف کرتے ہوئے اس پر معذرت کی ہے  جبکہ وہ 10 فروری سے لاہور میں شروع ہونے والے لیگ کے دوسرے مرحلے میں دوبارہ جوائن کرلیں گے۔

مزید خبریں :