05 فروری ، 2022
جمعیت علماء اسلام (جے یو آئی) کے سربراہ مولانا فضل الرحمان نے ڈیرہ اسماعیل خان میں ہکلہ کے مقام پر فیتہ کاٹ کر سی پیک کا عوامی افتتاح کردیا۔
مولانا فضل الرحمان نے ہکلہ میں سی پیک کی علامتی تختی کی نقاب کشائی کی، اس موقع پر ان کا کہنا تھا کہ عمران خان نے تو اس منصوبےکو روک دیا ہے ہم اس کے اگلے مرحلےکا افتتاح کریں گے، عمران خان کوسی پیک کا افتتاح اپنے آفس میں کرنےکا حق نہیں تھا،عوام نے آج اپنے منصوبےکا خود افتتاح کیا۔
مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ آپ نے بلےکی حکومت دیکھی، آج غریب آدمی آٹا نہیں خرید سکتا، ہم نے بارہ سال پہلے ہی کہہ دیا تھا کہ عمران خان کا ایجنڈا کیا ہے، پہلے سال میں ایک بجٹ ہوتا تھا اب چار ہوتے ہیں، قوم اور ملک کا بیڑہ غرق کر دیا گیا ہے۔
اس سے قبل اسلام آباد میں یوم یکجہتی کشمیرکی تقریب سے خطاب میں مولانا فضل الرحمان کا کہنا تھا کہ حکومت نے جس طرح کشمیرکا سودا کیا ملک کا بھی کرسکتے ہیں، ناکام، نااہل حکمرانوں نے کشمیریوں کو ظالم درندوں کے سپرد کردیا ۔