Time 15 فروری ، 2022
پاکستان

اقرار الحسن پر تشدد کرنے والے حساس ادارے کے ایک افسر سمیت 5 اہلکار معطل

کراچی کے علاقے صدر میں نجی نیوز چینل کے اینکر اقرار الحسن پر تشدد کرنے والے حساس ادارے کے ایک افسر سمیت 5 اہلکاروں کو معطل کردیا گیا ہے۔

گزشتہ روز صدر میں پروگرام کی ریکارڈنگ کے دوران نیوز چینل کے اینکر اقرارالحسن کو حساس ادارے کے اہلکاروں کی جانب سے تشدد کا نشانہ بنایا گیا تھا، تشدد سے زخمی اقرار الحسن کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا جہاں طبی امداد کے بعد انہیں گھر روانہ کردیا گیا۔

پولیس حکام کے مطابق اینکر اقرار الحسن اور اے آر وائی نیوز کی انتظامیہ کی جانب سے تاحال متعلقہ تھانے میں قانونی کارروائی کے لیے کوئی درخواست جمع نہیں کروائی گئی ہے اور پولیس نے اپنے طور پر بھی معاملے پر کوئی قانونی کارروائی نہیں کی ہے۔

واقعے پر گزشتہ روز ہی اقرارالحسن پر تشدد کرنے والے حساس ادارے کے پانچ افسران و اہلکاروں کو معطل کردیا گیا تھا۔ معطل افسران و اہلکاروں میں ڈائریکٹر سید معین الدین رضوان اور اہلکار محبوب علی، انعام علی، رجب علی اور خاور شامل ہیں۔

ایسوسی ایشن آف الیکٹرانک میڈیا ایڈیٹرز اینڈ نیوز ڈائریکٹرز  نے اس واقعے کی مذمت کرتے ہوئے کہا ہے کہ کسی بھی صحافی کی تحقیقاتی اسٹوری پر ایسا غصہ نکالنا قابل مذمت ہے، بزدلانہ اقدامات میڈیا کو اپنے فرائض سے نہیں روک سکتے۔  

مزید خبریں :