Time 02 مارچ ، 2022
کھیل

مستقبل داؤ پر لگا ہے، پلوشہ کی وزیراعظم سے ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کی درخواست

کھلاڑیوں کی تنخواہیں رک گئی ہیں، ایسے میں مہنگا کھیل بیڈمنٹن کیسے کھیلا جائے گا: انٹرنیشنل بیڈ منٹن پلیئر۔ فوٹو: فائل
کھلاڑیوں کی تنخواہیں رک گئی ہیں، ایسے میں مہنگا کھیل بیڈمنٹن کیسے کھیلا جائے گا: انٹرنیشنل بیڈ منٹن پلیئر۔ فوٹو: فائل

انٹرنیشنل بیڈمنٹن پلیئر پلوشہ بشیر نے ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کے لیے آواز اٹھاتے ہوئے پلیئرز ایسوسی ایشن کے قیام پر زور دیا ہے اور وزیر اعظم عمران خان سے ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کی بحالی کی درخواست کی ہے۔

پلوشہ بشیر کا کہنا ہے کہ ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کا خاتمہ ایک سیٹ بیک ہے، تمام کھلاڑیوں کے لیے یہ مشکل وقت ہے کیونکہ کھلاڑیوں کی تنخواہیں رک گئی ہیں، ایسے میں مہنگا کھیل بیڈمنٹن کیسے کھیلا جائے گا۔

ان کا کہنا تھا کہ وزیر اعظم عمران خان سے درخواست ہے ڈپارٹمنٹل اسپورٹس کو بحال کریں نوکریاں بحال کی جائیں، کھلاڑی پے رول پر آئیں تاکہ کھلاڑی کھیل جاری رکھ سکیں۔

پلوشہ بشیر نے کہا کہ سندھ کی طرف سے کھیلنا فخر کی بات ہے لیکن مالی طور پر بھی ہمیں مضبوط ہونا ہے، میری ابھی نوکری بچی ہوئی ہے لیکن مستقبل داؤ پر لگا ہوا ہے، مجھے نہیں علم کے آگے کیا ہونا ہے لیکن دوسرے کھلاڑیوں کی نوکریاں جا رہی ہیں اور وہ بے روزگار ہو رہے ہیں، کھلاڑیوں کے ساتھ جو رہا ہے اس کے لیے میں آواز بلند کر رہی ہوں۔

قومی بیڈ منٹن پلیئر کا کہنا تھا کہ کھیلوں پر اس وقت اندھیرا چھا رہا ہے، امید ہے وزیر اعظم روشنی ڈالیں گے اور ہمارے بارے میں سوچیں گے۔

انہوں نے کہا کہ ایک پلیئرز ایسوسی ایشن بننی چاہیے جو اس مسئلے کے لیے آواز اٹھائے اور کھلاڑیوں کو نقصان سے بچانے کے لیے پی ایس بی اور پی او اے وزیراعظم سے بات کریں۔

مزید خبریں :