09 مارچ ، 2022
امریکا نے روس کی جانب سے یوکرین پر حملےکے تناظر میں نیٹو رکن ملک پولینڈ میں پیٹریاٹ میزائل ڈیفنس سسٹم نصب کردیا۔
غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق امریکا نے میزائل اور جنگی طیاروں کے حملوں کے خلاف دفاع کرنے والے پیٹریاٹ میزائل سسٹم کی2 بیٹریوں کو پولینڈ میں نصب کیا ہے۔
امریکی محکمہ دفاع پینٹاگون کے سینیئر اہلکار کے مطابق امریکا کا یہ اقدام نیٹو کے رکن ملک کے دفاع کے حوالے سےکیےگئے اپنے وعدوں کو پورا کرنا ہے۔
پینٹاگون کے سینیئر اہلکار کے مطابق پیٹریاٹ میزائل کی یہ دو بیٹریاں جرمنی میں نصب تھیں تاہم یوکرین کے ہمسایہ ملک پولینڈ کی درخواست پر انہیں وہاں تعینات کیا گیا ہے۔
تجزیہ کاروں کے مطابق امریکی حکومت نے یہ اقدام نیٹو رکن پولینڈ کے دفاع کے لیے اٹھایا ہے جو کہ اس بات کے خطرے کو ظاہرکرتا ہےکہ کہیں روس کا میزائل جان بوجھ کر یا غلطی سے یوکرین کی سرحد پار کرکے پولینڈ کو نشانہ نہ بناڈالے۔