13 مئی ، 2022
رواں برس قطر میں ہونیوالے فٹبال ورلڈ کپ کی چمچماتی ٹرافی اگلے ماہ پاکستان کا رخ کرے گی۔
فیفا کے ترجمان نے جیو نیوز کو بتایا کہ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی ٹور میں ٹرافی مجموعی طور پر 51 ملکوں کا دورہ کرے گی جس میں پاکستان بھی شامل ہے۔ ٹرافی 7 جون کو اسلام آباد لائی جائے گی۔
یہ مسلسل دوسرا موقع ہوگا کہ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی پاکستان کا رخ کرے گی۔ اس سے قبل بھی 2018 میں یہ ٹرافی لاہور لائی گئی تھی۔ ٹرافی کے ہمراہ فرانس کے فٹبال ورلڈ کپ ونر کرسٹن کیرمبایو بھی پاکستان آئے تھے جنہوں نے ٹرافی کو نمائش کیلئے پیش کیا تھا۔
فیفا قوانین کے مطابق اس ٹرافی کو تھامنے کا حق یا تو ورلڈ کپ جیتنے والے کھلاڑی یا فیفا صدر یا پھر سربراہان مملکت کو ہی ہے۔
فٹبال ورلڈ کپ کے ٹرافی ٹور کا آغاز گزشتہ روز ہوا جب دبئی میں ایکر کیسیاس اور کاکا نے ٹرافی کو عوام کے سامنے نمائش کیلئے پیش کیا۔
غور طلب بات یہ ہے کہ پاکستان میں جب پچھلی بار ٹرافی لائی گئی تھی تو اس وقت بھی پاکستان کو فیفا سے معطل کیا گیا تھا اور اس بار بھی پاکستان فیفا سے معطل ہے جس کی وجہ سے ایونٹ کے دوران پاکستان میں فٹبال کیلئے کام کرنے والی نارملائزیشن کمیٹی کی شرکت غیر یقینی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ فیفا اور ٹرافی ٹور کے اسپانسر ادارے کی جانب سے اسلام آباد میں ایک تقریب کا اہتمام کیا گیا ہے جس میں مختلف کھیلوں سے وابستہ نامور شخصیات کو مدعو کیا جائے گا۔
ایونٹ منتظمین نے بتایا کہ فیفا ورلڈ کپ ٹرافی صرف ایک دن کیلئے پاکستان میں رہے گی۔
اسلام آباد میں ورلڈ کپ ٹرافی کے تین ایونٹس ہوں گے جس میں ائیرپورٹ پر استقبال، اسپانسر ایونٹ اور پبلک کنسرٹ کے ایونٹس میں شامل ہیں۔
فیفا ورلڈ کپ ٹرافی ازبکستان سے پاکستان آئے گی، یہاں سے سعودی عرب جائے گی، منتظمین کے مطابق اس بار بھی ٹرافی کے ساتھ فرانسیسی ورلڈ چیمپین کرسٹن کیرمبایو ہی پاکستان آئیں گے۔