13 مئی ، 2022
اومی کرون کا سب ویریئنٹ رپورٹ ہونے کے بعد پروازوں کے لیے پالیسی میں ترمیم ، قومی ادارہ صحت نے کورونا پھیلاؤ کے خدشے کے پیشِ نظر ائیر پورٹس پر ریپیڈ اینٹی جِن ٹیسٹ(RAT )کا فیصلہ کرلیا۔
نیشنل انسٹیٹیوٹ آف ہیلتھ(این آئی ایچ) کے مطابق ریپڈ ٹیسٹ سعودی عرب اور خلیجی ممالک سے آنے والی پروازوں کے مسافروں کا ہوگا۔
ذرائع کے مطابق ریپڈ اینٹی جِن ٹیسٹ آج رات (14 مئی) 12:01سے اسلام اباد، لاہور اور کراچی ائیرپورٹس پر نافذ العمل ہوگا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ ابتدا میں 150 افراد تک کے حامل چھوٹے جہازوں کے مسافروں میں سے 10 سے 15 مسافروں کے RAT ٹیسٹ ہونگے جبکہ 250 یا اس زائد مسافروں کےحامل بڑے جہازوں کی صورت میں 15 سے 20 مسافروں کے ٹیسٹ ہوں گے۔
ذرائع کے مطابق سول ایویشن اور سینٹر فار ڈیزیز کنٹرول نیشنل انسٹیوٹ آف ہیلتھ یہ اقدامات منسٹر آف ہیلتھ کی ہدایات کی روشنی میں عمل میں لارہے ہیں۔
واضح رہے کہ گزشتہ دنوں پاکستان میں کورونا کے اومیکرون وائرس کے نئے سب ویرینٹ کا پہلا کیس سامنے آیا تھا۔