Time 05 جون ، 2022
پاکستان

ضمانت ختم ہوتے ہی عمران کی سکیورٹی پر مامور اہلکار انہیں گرفتار کر لیں گے: وزیر داخلہ

وفاقی وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا ہے کہ عدالتی ضمانت ختم ہونے پر عمران خان کی سکیورٹی پر مامور  اہلکار ہی انہیں گرفتار کر لیں گے۔

عمران خان کی بنی گالہ واپسی پر ردعمل دیتے ہوئے وزیر داخلہ رانا ثنااللہ کا کہنا تھا کہ عمران نیازی کو اسلام آباد واپسی پر خوش آمدید کہتے ہیں، قانون کے مطابق عمران نیازی کو سکیورٹی فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیر داخلہ کا کہنا تھا کہ عمران نیازی دو درجن سے زائد مقدمات میں ملزم نامزد ہیں، ان مقدمات میں ملک میں ہنگامہ آرائی، فتنہ و فساد اور افراتفری پھیلانا شامل ہے، مقدمات میں وفاق پر مسلح حملوں کے جرائم بھی شامل ہیں۔

رانا ثنا اللہ کا کہنا تھا کہ عدالتی ضمانت ختم ہونے پر عمران خان کی سکیورٹی پر مامور اہلکار ہی انہیں گرفتار کر لیں گے۔

چیئرمین پی ٹی آئی کو تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے وزیر داخلہ کا کہنا تھا ملک میں فساد مچانے والا اخلاقی اور جمہوری قدروں سے عاری ہے، جو شخص اپنے مخالفین کو کبھی غدار اور کبھی یزید کہہ کر پکارتا ہے، ایسا شخص جمہوری معاشرےمیں سیاسی جماعت کا سربراہ ہو سکتا ہے؟ یہ پوری قوم کے لیے لمحہ فکریہ ہے۔

مزید خبریں :