14 جون ، 2022
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں گزشتہ روز بجٹ پیش نہ ہو سکا جس کے بعد اب بجٹ اجلاس ایوانِ وزیر اعلیٰ یا کسی نجی ہوٹل میں ہوگا۔
پنجاب اسمبلی کا دن ایک بجےبلایا گیا بجٹ اجلاس اب تک شروع نہیں ہوسکا ہے ، وزیراعلیٰ پنجاب حمزہ شہباز نے آج ہر حال میں بجٹ پیش کرنےکا اعلان کردیا ہے اور کہا ہے کہ کھلواڑ کا انتظام ہوگا، اب یہ تماشہ مزید نہیں چلےگا۔
ادھر اپوزیشن اور اسپیکر پرویز الہٰی اجلاس سے پہلے آئی جی پنجاب اور سیکرٹری داخلہ کو اسمبلی میں بلانے کے مطالبے پر قائم ہیں۔ پرویز الہٰی کا کہنا ہے کہ آئین کے تحت کسی کو بھی بلانے کا اختیار ہے،معافی مانگنا پڑے گی۔
حکومتی ذرائع کا کہنا ہے کہ اپوزیشن کی ضد کے باعث ہم عوامی بجٹ نہیں روک سکتے، بجٹ ہر صورت پیش کریں گے، بجٹ اجلاس کی صدرات ڈپٹی اسپیکر دوست محمد مزاری کریں گے۔
ذرائع کے مطابق حکومتی اتحادیوں نےن لیگ کو بجٹ پیش کرنے سے متعلق اختیار دے دیا ہے، بجٹ اجلاس ایوان وزیراعلیٰ یا کسی نجی ہوٹل میں کرانے کا فیصلہ قانونی ماہرین سے مشاورت کے بعد کیا گیا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ فیصلہ اپوزیشن کے ضدی رویے کے باعث کیا گیا۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز پنجاب کا بجٹ پیش ہونا تھا لیکن اسپیکر پرویز الٰہی اور پی ٹی آئی ارکان نے اجلاس شروع کرنے سے قبل اپنے مطالبات ن لیگ کے سامنے رکھ دیے تاہم مسلم لیگ (ن) نے تحریک انصاف اور اسپیکر پرویز الٰہی کی شرائط ماننے سے صاف انکار کردیا ہے جب کہ اسپیکر کی غیرقانونی حرکت کا جواب دینے کا اعلان بھی کیا ہے۔