15 جون ، 2022
وزیراعظم شہبازشریف سے اپنی زندگی خطرے میں ڈال کر لوگوں کی زندگیاں بچانے والے آئل ٹینکر ڈرائیور شیر احمد عرف فیصل بلوچ نے ملاقات کی۔
اعلامیے کے مطابق آئل ٹینکرڈرائیور شیر احمد کو داد شجاعت دینے کیلئے وزیراعظم ہاؤس مدعو کیا گیا۔
وزیراعظم نے جان کی پرواہ کیے بغیر لوگوں کی زندگیاں بچانے پرفیصل بلوچ کو خراج تحسین کیا اور اعزازی شیلڈ بھی پیش کی۔
اعلامیے کے مطابق وزیراعظم نے آئل ٹینکرڈرائیور شیر احمد کو تمغہ شجاعت کیلئے بھی نامزد کردیا۔
دوسری جانب وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھاکہ فیصل بلوچ سے ملاقات اور بہادری پر تمغہ شجاعت کیلئے نامزد کرنے پرخوش ہوں۔
انہوں نے کہا کہ فیصل بلوچ حقیقی ہیرو ہیں، انہوں نے اپنی جان خطرے میں ڈال کر دوسروں کو بچایا، ان کی بے لوث ہمت کی داد دیتا ہوں۔
خیال رہے کہ گزشتہ دنوں کوئٹہ کے نواحی علاقے قمبرانی روڈ پر آئل ٹینکرمیں آگ لگنے کا واقعہ پیش آیا تھا جہاں پیٹرول پمپ پر کھڑے آئل ٹینکر میں اچانک آگ لگ گئی تھی۔
تاہم ڈرائیور فیصل آگ لگے ہوئے ٹینکر کو حاضر دماغی اور بہادری کا مظاہرہ کرتے ہوئے آبادی سے دور لے گیا تھا اور علاقے اور مکینوں کو تباہی سے بچا لیا تھا۔
ان کی بہادری پر وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے 5 لاکھ روپے انعام کا اعلان کیا تھا۔